حسین محتشم
پونچھ//کٹھوعہ ضلع کے بلاور علاقے میں معصوم شہریوں کے اغوا اور ٹارگٹ کلنگ کے سلسلے میں بی جے پی پونچھ اکائی نے ضلع صدر سردار گردیپ سنگھ خالصہ کی قیادت میں پاکستان کے خلاف ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔احتجاج میں شامل مظاہرین نے قتل کئے گئے ورون سنگھ، اس کے چچا یوگیش سنگھ اور ماموں درشن سنگھ کے وحشیانہ قتل پر گہرے غم و غصے کا اظہار کیا، جن کی لاشیں ہفتہ کو کٹھوعہ کے دور افتادہ ملہار علاقے میں اشونالہ میں ملی تھیں۔احتجاجی مظاہرے میں شامل مظاہرین نے پاکستان مخالف نعرے لگائے اور پاکستانی حکومت کا پتلا نظر اتش کرتے ہوئے غم و غصہ کا اظہار کیا۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے گردیپ سنگھ خالصہ نے دہشت گردی کو فروغ دینے میں پاکستان کے کردار کی شدید مذمت کی اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور حکومت پر زور دیا کہ وہ سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو روکنے کے لئے فیصلہ کن اقدامات کرے۔ احتجاج میں حصہ لینے والے نمایاں بی جے پی قائدین میں سابق ضلع صدر راجیش شرما، لوکیش شرما، رویندر شرما قابل ذکر ہیں۔احتجاجی مظاہرے میں پارٹی کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے پاکستان کے خلاف نعرے لگائے اور دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے لئے انصاف کا مطالبہ کیا۔ اس احتجاج نے پاکستان کے زیر اہتمام دہشت گردی کے خلاف لوگوں میں بڑھتے ہوئے غصے اور سرحدی علاقوں میں سخت حفاظتی اقدامات کی فوری ضرورت کو اجاگر کیا۔