بانڈی پورہ//گورنر کے صلاح کار بی بی وِیا س نے افسروں پر زور دیا کہ وہ ریاست کے تمام علاقوں میں بنیادی سطح پر ترقیاتی عمل میں تیزی لائیں۔بانڈی پورہ ضلع کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کرنے کے دوران بی بی وِیاس نے ضلع میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں کا معائینہ کیا اور ایک جائزہ میٹنگ کے دوران اِن پروجیکٹوں کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلات طلب کیں۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری ، ایس ایس پی بانڈی پورہ شیخ ذوالفقار آزاد ، اے ڈی ڈی سی بانڈ ی پورہ محمد قاسم ود یگر ضلعی و سیکٹورل افسران موجود تھے۔مشیر موصوف نے علاقے میں ترقیاتی پروجیکٹوں کی تمام پہلوئوں کی عمل آوری کا سیکٹر وائز جائزہ لیااور بانڈی پورہ کی کلہم ترقی پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ جاری پروجیکٹوں میں سرعت لائیں تاکہ مقررہ وقت کے اندر یہ پروجیکٹ مکمل ہوں ۔انہوں نے افسروں کو ضلع کے دُور دراز علاقوںمیں جاکر لوگوں کے مسائل حل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ ماہانہ بنیادوں پر مختلف محکموں کی جائزہ میٹنگوں کا انعقاد کریں تاکہ عوامی مفاد سے متعلق مختلف سکیموں اور پروگراموں کی عمل آوری کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے حکومت ہند کی طرف سے معاونت والی مختلف ترقیاتی سکیموں کے بارے میں تشہیری پروگرام شروع کرنے پر زور دیا تاکہ لوگوں کو اِن سکیموں کی جانکاری حاصل ہو۔بی بی وِیاس نے زراعت اور باغبانی شعبوں میں دستیاب روزگارکے مواقع تلاش کرنے پر زور دیتے ہوئے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ ماہرانہ رہبری فراہم کرتے ہوئے ضلع کے دُور دراز علاقوں جن میںگریز بھی شامل ہے کے کسانوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کریں۔مشیر موصوف نے بیکن حکام کو ہدایت دی کہ وہ نومبر کے آخیر تک سڑکوں کی میکڈمائزیشن یقینی بنائیں۔مشیر نے ضلع انتظامیہ کے اُن کوششو ںکو سراہا جن کے تحت مختلف سیکٹروں میں اطمینان بخش کام انجام دیا گیا ہے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ کو یقین دلایا کہ حکومت علاقے کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنانے کے لئے تمام ممکنہ تعاون و امداد فراہم کرے گی۔اس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر نے مشیر موصوف کو ضلع میں مختلف ترقیاتی و بہبودی کے پروگراموں پر جاری کام کاج اور حصولیابیوں سے واقف کرایا۔انہوں نے صحت ، تعلیم ، زراعت و دیگر شعبوںمیں حاصل شدہ کامیابیوں کی تفصیلات پیش کیں۔مشیر موصوف نے ضلع میں زیر تعلیم ہسپتال کا دورہ کیا ۔ اُنہیں بتایا گیا کہ 100بستروں والے ضلع ہسپتال پر 2825کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں جن میں 90فیصد رقومات خرچ کئے جاچکے ہیں اور امسال دسمبر تک اس پروجیکٹ کی تکمیل کی اُمید ہے۔بی بی وِیاس نے اپنے دورے کے دوران میونسپل کمیٹی بانڈ ی پورہ اور نالہ مدھو متی کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے ان علاقوں میںجاری ترقیاتی پروجیکٹوں کا جائزہ لیا۔ انہیں اس موقعہ پر بتایا گیا کہ نالہ مدھو متی پر ایمبینک منٹ عمل پر 134کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں اور مقررہ معیاد کے یہ پروجیکٹ مکمل کیا جائے گا۔بعد میں بی بی وِیاس نے ضلع کے دُور دراز علاقوں جن میں گریز ، سمبل ،حاجن اور بانڈی پورہ قصبہ شامل ہے میں جاکر لوگوں کی متعدد وفود سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مشیرموصوف نے لوگوں کے مسائل بغور سنے اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے جائز مطالبات مرحلہ وار طریقے پر پورے کئے جائیں گے ۔
بی بی وِیاس کا ترقیاتی عمل میں تیزی لانے پر زور
