بی ایس ایف نے کرناہ سے 4نازک بیمارہیلی کاپٹر میں وادی پہنچائے

کپوارہ //سرحدٰ حفاظتی فورس یعنی بی ایس ایف نے کرناہ کے چارانتہائی نازک بیماروں کوہیلی کاپٹر کے ذریعے وادی منتقل کیاجس کے بعد ان مریضوں کے اہلخانہ نے راحت کی سانس لی ۔ضلع میں حالیہ بھاری برف باری کے بعد کرناہ ،کیرن اور مژھل کی سڑکیں گاڑیو ں کی آمد و رفت کے لئے گزشتہ سات دن سے بند پڑی ہیں ۔سرحدی علاقہ کرناہ میں ایک درجن کے قریب ایسے مریض ہیں جنہیں وادی منتقل کرنا ناگزیر ہے۔ضلع انتظامیہ نے پیر کے روز سرحدی حفاظتی فورس کے ساتھ معاملہ اٹھایا جس کے بعد چار انتہائی نازک مریضوں کو بی ایس ایف کے ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے وادی منتقل کیا گیا ۔سرحدی حفاظتی فوروس کے مطابق چار انتہائی  نازک مریضوں کو برف سے ڈھکے علاقہ ٹنگڈار سیکٹر سے وادی منتقل کیا گیا کیونکہ نستہ ژھن گلی پر بھاری برف جمع ہونے کے بعد چوکی بل کرناہ سڑک ہنوز بند ہے ۔سرحدی حفاظتی فورس کے انسپکٹرجنرل راجہ بابوسنگھ کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کی بھلائی کا خیال ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور یہا ں ہم اپنے خیر خواہو ں کے ذریعے مقامی لوگوں کے دل و دماغ جیت لیتے ہیں ۔