عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // مغل روڈ کی تعمیر کے سلسلے میں دھرم راج کنسٹرکشن کمپنی کے ساتھ ساتھ بارڈر روڈ آرگنائزیشن کی جانب سے بڑے بڑے دعوے کئے جاتے رہے ہیں لیکن اتنا عرصہ گزر جانے کے بعد بھی راجوری – بفلیاز مغل شاہراہ متعدد جگہوں پر تشنہ تکمیل ہے۔ اس سلسلے میں مسافروں، گاڑی چالکوں اور دیگر عوام نے میڈیا کو بتایا کہ تھنہ منڈی میں منیہال گلی کے مقام پر مغل شاہراہ کی تعمیر کے کام میں انتہائی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا گیا ہے اور کام انتہائی سست روی کا شکار بھی ہے جس کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مکینوں کا کہنا تھا کہ منیال گلی کے مقام پر دھرم راج کنسٹرکشن کمپنی نے ضرورت سے زیادہ سڑک کی کٹائی کر کے اسے اپنے حال پر چھوڑ دیا ہے جس کی وجہ سے ان کے متعدد مکانات دھنس گئے ہیں جبکہ کئی مکانات کو مزید دھنسنے کا خطرہ لاحق ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ مغل روڈ دھرم راج تعمیراتی کمپنی نے سڑک کو تباہ کر دیا ہے اور سڑک مکمل طور سے تہس نہس ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرم راج کمپنی سڑک کی دیکھ ریکھ، ڈنگہ، نالی اور پروٹیکشن باندھ کے لئے ذمہ دار ہے لیکن افسوس کا مقام ہے کہ مذکورہ کمپنی اس سلسلے میں پوری طرح ناکام ہو چکی ہے جس کی وجہ سے اس سڑک کا اکثر حصہ مقامی آبادی کے لئے وبال جان بن گیا ہے اور لوگ نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو کر رہ گئے ہیں۔ لوگوں نے بی آر او پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ جان بوجھ کر اس کام کی تکمیل میں غیر سنجیدگی اور عدم توجہی کا مظاہرہ کر رہی ہے جس سے لوگوں اور گاڑی چالکوں کا شدید نقصان ہو رہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اگر اس جانب فوری توجہ نہ دی گئی تو مستقبل قریب میں لوگ یہاں سے نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو کر رہ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ کمپنی اور انتظامیہ عوامی مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہوکر رہ گئی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔