’بیک ٹو ولیج ‘پروگرام کا آخری دن

 کئی پنچایتوں میں پروگرام منعقد ،عوامی مسائل کا جائزہ لیا گیا 

 
مینڈھر//بیک ٹو ولیج پروگرام کے آخری دن مینڈھر کی مختلف پنچایتوں میں انتظامیہ کی جانب سے پروگراموں کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران لوگوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لینے کیساتھ ساتھ ان کو قلمبند بھی کیا گیا ۔ان پروگراموں میں بڑی تعداد میں لوگوں نے اپنے جائز مطالبات آفیسران کے سامنے رکھے۔ اس سلسلہ میں بالاکوٹ بلاک کی پنچائت بالاکوٹ میں فوج نے پروگرام کے سلسلہ میں تعینات آفیسران کو تار بندی سے اندر جانے سے روک دیا جس کی وجہ سے وہ بالا کوٹ کی پنچایت کی وارڈ نمبر چھ اور وارڈ نمبر ایک کے کچھ حصہ کے لوگوں کو درپیش مسائل کا جائزہ نہیں لے سکے ۔تعینات آفیسران نے فوج سے عوامی مسائل کا جائز ہ لینے کیلئے درخواست بھی کی تاہم انہوں نے تار بند کے اندر جانے سے روک دیا ۔ اس سلسلہ میں حاجی عیاض خان نے بتایا کہ فوج کی طرف سے جو متعلقہ آفیسران سے نا زیبہ سلوک کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ تار بند ی کے اندر لوگوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے لیکن فوج کی جانب سے ڈالی گئی رکائوٹ کی وجہ سے مذکورہ مسائل قلمبند نہیں کئے جاسکے ۔ایس ڈی ایم مینڈھر نے معاملہ پر بولتے ہوئے کہاکہ اگر آفیسران کو تار بندی کے اندر نہیں جانے دیا گیا تو اس سلسلہ میں تحقیقات کی جائے گی ۔تحصیلدار بالا کوٹ نے بتایا کہ نائب تحصیلدار ایک گھنٹے تک فوج کے گیٹ پر رہے تاہم انہوں نے عوامی مسائل کا جائزہ لینے کیلئے ٹیم کو اندر نہیں جانے دیا ۔انہوں نے کہاکہ فوج کو مذکورہ علا قوں میں عوامی مسائل کا جائزہ لینے کیلئے رکائوٹ نہیں ڈالنی چاہیے تھی تاکہ عوامی مطالبات کو انتظامیہ تک پہنچایا جاسکتا ۔