بیواؤں ، بزرگوں اور جسمانی طور ناخیز افراد کے ماہانہ پینشن میں اضافہ

سرینگر//ملی ٹینسی کے شکار لوگوں کی باز آباد کاری کے سلسلے میں ریاستی باز آباد کاری کونسل کی ایگزیکٹو کونسل میٹنگ چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں بیواؤں ، بزرگوں اور جسمانی طور ناخیز افراد کے ماہانہ پینشن کو 750 روپے سے ایک ہزار روپے تک اضافہ کرنے کو منظوری دی گئی ۔ اس کے علاوہ سال 2018-19 کیلئے 10.10 کروڑ روپے کے ایکشن پلان کو بھی منظوری دی گئی ۔ اس منصوبے کے تحت  پینشن اور میریج اسسٹنٹس سکیموں کے تحت 7686 ملی ٹینسی سے متاثرہ کنبوں کو لایا جائے گا ۔ ایگزیکٹو کونسل نے سکالر شپ سکیم کے تحت ہلاک شدہ ملی ٹینٹوں کے 1756 یتیم بچوں کیلئے 1.58 کروڑ روپے کے ایکشن پلان کو بھی منظوری دی ۔ میٹنگ میں محکمہ داخلہ کے پرنسپل سیکرٹری ، منصوبہ بندی ، نگرانی اور ترقی کے پرنسپل سیکرٹری ، خزانہ کے پرنسپل سیکرٹری ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس آر سی، سیکرٹری سماجی بہبود ، این ایف فار کمیونل ہارمنی نئی دہلی کے نمائیندے کے علاوہ کئی اعلیٰ افسران نے میٹنگ میں شرکت کی ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس آر سی نے کونسل کو بتایا کہ 2014-15 سے اب تک ریاست کے جسمانی طور ناخیز افراد میں 467 موٹرائیزڈ ٹرائیسائیکل تقسیم کئے گئے ۔ چیف سیکرٹری نے کونسل پر زور دیا کہ وہ نیشنل فاؤنڈیشن فار کمیونل ہارمنی کے فلیگ شپ سکیم ’’ پروجیکٹ اسسٹ‘‘کو مقبول بنانے کی کوششیں انجام دیں جس کے تحت یتیم بچوں کو مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔ ریاستی یونیورسٹیوں میں ملی ٹینسی کے متاثرین بچوں کو پیشہ وارانہ تعلیم فراہم کرنے کیلئے چیف سیکرٹری نے ایس آر سی کو ہدایت دی کہ وہ ملی ٹینسی سے متاثرہ بچوں کو ایسے وظایف حاصل کرنے کیلئے ضروری اسناد فراہم کریں ۔