سرینگر//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے یو ٹی سطح کے بینکروں کی تیسری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی اور جموں و کشمیر میں کام کرنے والے بینکوں اور مالیاتی اداروں کی کامیابیوں کا جائیزہ لیا ۔ چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتانے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت نے 28400 کروڑ روپے کے بڑے صنعتی پیکیج کو منظوری دے دی ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کر کے یو ٹی کی معثیت کو فروغ دینا ہے ۔ یہ پیکیج حکومت جموں و کشمیر کو فراہم کردہ موجودہ فنڈز کے علاوہ ہے ۔ ڈاکٹر مہتہ نے کہا کہ یو ٹی حکومت نے مذکورہ صنعتی پیکیج کے زیادہ سے زیادہ استعمال کیلئے 14 شعبوں سے متعلق صنعتی پالیسیاں چلانے کا اعلان کیا ہے ۔ چیف سیکرٹری نے 50000 نوجوان کاروباری افراد کو خود روز گار فراہم کرنے میں مشن یوتھ کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے بینکوں سے کہا کہ وہ پروگرام کے مقاصد کو سمجھنے میں فعال کردار ادا کریں ۔ وادی کشمیر میں روز گار پیدا کرنے میں باغبانی پر مبنی صنعتوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے بینکوں سے کہا کہ مائیکرو فوڈ پروسیسنگ انٹر پرائیزز اسکیم کے تحت معاملات کی منظوری کو ترجیح دیں ۔ بینکوں کے ذریعہ متعدد سرکاری سرپرستی شدہ معاش اسکیموں کے تحت قرضوں کی فراہمی کا جائیزہ لیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے قومی دیہی ذریعہ معاش مشن ، وزیر اعظم کے روز گار جنریشن پروگرام ، قومی شہری روز گار مشن کے تحت 2021-22 کے اہداف اور ایس سی /ایس ٹی /او بی سی کیلئے خصوصی قرضے میں ترمیم کی ۔ مختلف بنکوں کے ذریعہ قرضوں کی منظوری کو ہموار کرنے کیلئے چیف سیکرٹری نے قرض کے تمام معاملات کو 15 دن کے اندر نمٹانے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے محکمہ ریونیو کو مزید ہدایت دی کہ وہ 15 اگست 2021 تک اراضی کے ریکارڈ کی اسکیننگ کو مکمل کریں تا کہ کریڈٹ کیسوں کی منظوری میں تاخیر کم کرنے کیلئے بینکوں کے ذریعہ محصولات کی دستاویزات کی تصدیق آن لائین کی جا سکے ۔ چیف سیکرٹری نے سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کے بینکوں کو ’’ بیک ٹو ولیج ‘‘ پروگرام کے تحت شناخت کردہ 20000 کاموں میں مدد کیلئے ان کی تعریف کی ۔ میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری ریونیو شالین کابرا ، پرنسپل سیکرٹری ایچ یو ڈی ڈی دھیرج گپتا ، پرنسپل سیکرٹری اے پی اینڈ ایف ڈبلیو نوین کمار چودھری ، پرنسپل سیکرٹری آئی اینڈ سی رنجن پرکاش ٹھاکر ، آئی آر ٹی ایس چئیر مین اور ایم ڈی جے اینڈ کے بینک ( کنوینئر جے اینڈ کے یو ٹی ایل بی سی ) آر کے چھبر ، ریجنل ڈائریکٹر ریزرو بینک آف انڈیا ( آر بی آئی ) کمل پی پٹنائک، ڈائریکٹر ڈی ایف ایس ، ایم او ایف ( جی او آئی ) اے کے ڈوگرہ کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام اس موقعہ پر موجود تھے ۔