عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // بیسک سکول آف ایجوکیشن منہال نے اپنا 20واں یوم تاسیس نہایت ہی جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔اس سلسلہ میں سکول میں ایک رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں دنیش شرما ضلع صدر بھارتیہ جنتا پارٹی نے صدارت کے فرائض انجام دئے۔ اس موقع پر ادارہ کے سرپرست غلام نبی کملاک نے سکول کی اہم کارکردگی کا جائزہ پیش کیا ساتھ ہی انھوں نے خطبہ استقبالیہ اور سکول کی کارکردگیوں کا خاکہ بھی پیش کیا۔ انہوں نے گزشتہ 20سالوں میں اس ادارے کے فارغین کا تذکرہ بھی کیا جو آج دیگر مختلف اداروں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں یا زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے طلباء سے کہا کہ وہ نشہ مکت بھارت ابھیان کا حصہ بنیں اور اس کا قلع قمع کرنے کیلئے اپنا بھرپور تعاون پیش کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام بچے گھریلو کام کاج میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
پروگرا کے دوران سکولی بچوں کی طرف سے رنگارنگ تمدنی پروگرام پیش کیا گیا۔ صدر محفل دنیش شرما نے اپنے صدارتی خطبے میں سکول انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ بچوں کو معیاری اور جدید تعلیم دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے طلباء سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس جدید دور میں تعلیمی میدان کے علاوہ کھیلوں میں بھی شرکت کر کے اپنے والدین کا نام روشن کریں۔ انہوں نے سکول انتظامیہ اور بچوں کی شاندار کارکردگی پر انہیں دلی مبارکباد پیش کی۔ تقریب کے دوران اپنے خطاب میں سکول انتظامیہ کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نامساعد حالات میں بھی اس دیہی نجی تعلیمی ادارے میں کملاک نے بچّوں کو تعلیم حاصل کرنے کے لئے جو معیاری پلیٹ فارم فراہم کیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے اُساتذہ اور طلباء سے کہا کہ وہ محنت شاقہ سے کام کریں۔ ان کے علاوہ بھی کئی مقررین نے سکول کی گزشتہ 20سالہ کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے سکول انتظامیہ کی کارکردگی کی تعریف کی۔اس موقع پر تدریسی اور غیر تدریسی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات کو انعامات سے بھی نوزا گیا۔ اس پروگرام میں ضلع صدر بی جے پی دنیش شرما کے علاوہ نامور استاذ محمد شفیع وانی، ہریش بھارتی، عبدالغنی شال، منڈل پردھان زاہد صاحب، سرپنچ منیہال حاجی کرامت اللہ خان، ماسٹر رشید خان، ٹھیکیدار مشتاق احمد خان، کیپٹن نظام، شکیل احمد شال، شاہنواز خان، مولوی طارق اور ڈاکٹر جاوید خان کے علاوہ علاقہ بھر سے دینی سیاسی اور سماجی شخصیات، سکول کے اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ ساتھ مقامی میڈیا کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔