بلال فرقانی
سرینگر//جموں کشمیرمیں بیساکھی کا تہوار آج روایتی جوش وخروش کیساتھ منایا جائے گا۔ سکھ طبقے سے وابستہ لوگوں نے گردواروں میں شبدو کیرتن کا اہتمام کیاہے۔بیساکھی کے موقعہ پر سرینگر کے مغل باغات کو سرکاری طور پرکھولنے کی بہت پرانی روایت بھی ہے۔وادی میں اس سلسلے کی سب سے بڑی تقریب گردوارہ چھٹی پادشاہی کاٹھی دروازہ رعناواری میں منعقد ہوگی جہاں مرد وزن اور بچے خصوصی تقریب میں شرکت کریں گے۔باغات برزلہ اور مہجور نگر کے علاوہ چھانہ پورہ اور رنگریٹ کے گردواروں میں بھی خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
بیساکھی کے سلسلے میں ایک روز قبل ہی سبھی گردواروںپر چراغاں بھی کیاگیا ہے۔گردوارہ شادی مرگ پلوامہ اور چھٹی پادشاہی بارہمولہ،ترال اور مٹن میں بھی تقریبات منعقد ہونگی جہاں متوقع طور پر ہزاروں لوگ حاضری دیں گے۔پنجاب میں یہ دن نئے سال کی آمد جبکہ جموں وکشمیرمیں بہار کی آمد کے بطور منایا جاتا ہے ۔ سکھوں کے 10گورو ،گورو گوبند سنگھ جی نے 1689میں اسی روز خالصہ پنتھ کی بنیاد ڈالی تھی جبکہ جموں کشمیر سے باہر ہندو ، سکھ اور دیگر مذاہب سے وابستہ لوگ اس دن کو فصلوں کی کٹائی کے موسم کے بطور مناتے ہیں۔اس کے علاوہ یہ دن سکھ مذہب کے کلینڈر میں نئے سال کی شروعات کے طور پر بھی منا یا جا تاہے اور کسان اس روز اپنی فصلوں کی کٹائی کا کام شروع کر تے ہیں جو کہ ان کی سخت محنت کا پھل ہو تا ہے۔ بیساکھی کے سلسلے میں مقامی گوردواروں کو دلہن کی طرح سجایا گیا ہے۔بیساکھی کو آمد بہار کی نوید بھی سمجھا جاتا ہے اور اس روز جموں کشمیر میں مغل با غات کو بھی سیلانیوں کے کھول دیا جاتا ہے۔مغل باغات کے کھلنے کے ساتھ ہی ان باغات میں گہما گہمی بھی دیکھنے کو ملتی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر کی
بیساکھی پر لوگوں کو مبارکباد
عظمیٰ نیوز سروس
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بیساکھی کے موقع پر لوگوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔اپنے پیغام میں، لیفٹیننٹ گورنر نے کہا: “بیساکھی کے پرمسرت موقع پر سب کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات،یہ ہمارے کسانوں کی محنت کا جشن منانے اور قوم کی تعمیر میں ان کے انمول شراکت کا احترام کرنے کا موقع ہے۔ بیساکھی دسویں گرو گرو گوبند سنگھ صاحب کے ذریعہ خالصہ پنتھ کی بنیاد کا نشان ہے، ۔ان کا بے لوث خدمت، سچائی، قربانی، مساوات اور ہمہ گیر محبت کا پیغام ہم سب کے لیے الہام کا باعث ہے۔ اس بیساکھی پر، آئیے گرو گوبند سنگھ صاحب کے دکھائے ہوئے راستے پر چلنے کا عزم کریں۔دعا ہے کہ اس سال بیساکھی کا تہوار سب کے لیے امن، خوشحالی اور خوشی کا آغاز کرے۔