بلال فرقانی
سرینگر// وادی کشمیر میں سکھ برادری نے جمعرات کو بیساکھی مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی۔ بیساکھی کے تہوار کے موقع پر سکھ برادری کے لوگوں کی بڑی تعداد نے گرودواروں پر حاضری دی۔مرکزی تقریب چھٹی پادشاہی گوردوارہ کاٹھی دروازہ میں منعقد ہوئی۔ سکھ برادری کے ارکان بشمول خواتین اور بچوں نے گرودوارہ چھٹی پاشاہی کا دورہ کیا اور وہاں دعائیں کیں۔ اس موقع پر جموں و کشمیر اور ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔کشمیر بھر کے بڑے گوردواروں میں دعاؤں، کیرتن اور لنگرکا اہتمام کیا گیا۔ بیساکھی سکھ مذہب کا سب سے بڑا تہوار ہے جو ہر سال 13 اور14 اپریل کو خالصہ پنتھ کے قیام اور فصلوں کی کٹائی کی خوشی میں منایا جاتا ہے۔وادی کے اطراف و اکناف میں واقع گردواروں میں جمعرات کی صبح سے ہی عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہا۔باغات برزلہ، مہجور نگر، چھانہ پورہ ،جواہر نگر، اور دیگر مقامات پر گردواروں میں خصوصی دعائیہ مجالس کا اہتمام کیا گیا۔ بارہمولہ، شادی مرگ پلوامہ ، مٹن،ترال ،چھٹی سنگھ پورہ اننت ناگ اور وادی کے دیگر علاقوں میں واقع گردواروں میں بھجن کیرتن کی محفلیں آراستہ ہوئیں اور لنگروں کا انتظام کیا گیا۔