کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے بیجی سیاری۔ پھگولی رابطہ سڑک گزشتہ 17برسوں سے مکمل نہیں ہورہی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کاسا منا کرناپڑرہا ہے ۔مکینوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ بیجی سیاری۔ پھگولی رابطہ سڑک کو مکمل کرنے میں بغیر کسی وجہ سے تاخیر کی جارہی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ تعمیر اتی ایجنسیوں کی جانب سے 2004میں سڑک کی تعمیر کا عمل شروع کیا گیا تھا لیکن زمینی کٹائی کے بعد پروجیکٹ کو مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی ہی ظاہر نہیں کی جارہی ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ رابطہ سڑک کے زیر تحت 60ہزار سے زائد کی آبادی آتی ہے تاہم سڑک کے مکمل نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو کئی کلومیٹر تک کا پیدل سفرکرنا پڑتا ہے ۔ملک راج ،سرجیت سنگھ ودیگران نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رابطہ سڑک کو مکمل کروانے کیلئے انہوں نے متعلقہ حکام او ر ضلع انتظامیہ سے بھی رجوع کیا لیکن زمینی سطح پر صورتحال تبدیل نہیں ہو سکی اور وہ آج بھی میلوں تک پیدل سفر کرنے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کی نالیوں اور حفاظتی باندھ بھی تعمیر نہیں ہیں جبکہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے مذکورہ پروجیکٹ کو صرف پسے ہڑپنے کا ذریعہ بنا کر رکھا گیا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کو مکمل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں ۔