جموں//ریاست میں بہتر ٹریفک نظامت کو یقینی بنانے کیلئے ٹرانسپورٹ محکمہ ٹرانسپورٹ کمشنر کے دفتر میں مکمل طور سے ایک ٹریفک پلاننگ ونگ قایم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے ۔ یہ فیصلہ پرنسپل سیکرٹری پشو و بھیڑ پالن اور ٹرانسپورٹ محکمہ اصغر حسن سامون کی صدارت میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران لیا گیا ۔ میٹنگ میں چیف انجینئر آر اینڈ بی سمی عارف ، ایڈیشنل سیکرٹری ٹرانسپورٹ اشوک کمار ، آر ٹی او جموں دیپ راج اور کئی دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ میٹنگ میں آر ٹی او کشمیر احمد اللہ ٹاک اور صوبے کے دیگر اے آر ٹی اوز نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی ۔ ڈاکٹر سامون نے اس موقعہ پر کہا کہ یہ ونگ ٹرانسپورٹیشن پالیسیاں تیار کرنے کے ساتھ ساتھ ، ٹریفک روٹوں کی منصوبہ بندی اور دیگر معاملات کا جائیزہ لے گی ۔ یہ ونگ ٹریفک منصوبوں کے رکھ رکھاؤ ، پارکنگ سہولیات کے کام کاج اور روڈ سیفٹی پروگراموں کی عمل آوری پر بھی نظر گذر رکھے گی ۔ انہوں نے چیف انجینئر آر اینڈ بی اور آر ٹی او کو ہدایت دی کہ وہ ضرورت پڑنے پر بنیادی ڈھانچہ مقررہ مدت کے اندر اندر تعمیر کریں اور اس ونگ کو لازمی آلات سے لیس کریں ۔ ٹریفک سیفٹی کے حوالے سے عام لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کی غرض سے ٹرانسپورٹ محکمے نے ہر ایک اے آر ٹی او کے حق میں ایک ایک لاکھ روپے واگذار کئے ۔ میٹنگ میں ٹریفک نظامت کی منصوبہ بندی سے جُڑے معاملات پر بھی تبادلہ خیال ہوا تا کہ ٹریفک جیمنگ پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ سڑک حادثات پر بھی روک لگائی جا سکے ۔ ڈاکٹر سامون نے رجسٹریشن اسناد اور ڈرائیونگ لائسنس سپیڈ پوسٹ کے ذریعے گاڑیوں کے مالکان تک پہنچانے کے عمل کا بھی جائیزہ لیا ۔ ڈاکٹر سامون نے متعلقہ افسروں پر زور دیا کہ وہ عام شہریوں کو ماس میڈیا کے ذریعے سے دستیاب خدمات کے بارے میں جانکاری پہنچائیں ۔