پونچھ//ڈائریکٹر آیوش جموں و کشمیر ڈاکٹر موہن سنگھ کی ہدایات اور ضلع آیوش آفیسر ڈاکٹر راکیش شرما کی قیادت میں محکمہ آیوش پونچھ نے ضلع ٹریجری پونچھ کے تعاون سے ایک میگا آیوش کیمپ کا انعقاد کیا۔ کیمپ کا افتتاح ڈسٹرکٹ ٹریزری آفیسر پونچھ راشد دوستم (کے اے ایس) نے کیا۔اس دوران محکمہ کے ڈاکٹر خلیق انجم، ڈاکٹر ومل شرما، اعظم میر سپروائزری فارماسسٹ، گلشن کمار، رخسانہ اختر ٹرینی فارماسسٹ آیوش اور گردھاری لال نے اپنی خدمات دیں۔ کیمپ کے دوران تقریباً 315 لوگوں کا طبی معائینہ کیا گیا اور ان میں قوت مدافعت بڑھانے والی ادویات تقسیم کی گئی۔اس دوران محکمہ ٹریزری کا عملہ، پنشنرز اور خزانے میں آنے والے مختلف افراد کو کووڈ 19 کے بارے میں آگاہی فراہم کرتے ہوئے ان کو ماسک پہننے کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ٹریڑری آفیسر نے اس قسم کے کیمپ کے انعقاد پر آیوش محکمہ پونچھ کا شکریہ ادا کیا۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر خلیق انجم نے بتایاکہ بہتر صحت سے ہی صحت مند معاشرہ کی تشکیل ممکن ہے۔انھوں نے کہا آج کا نوجوان سیل فونس دیکھنے میں اپنا قیمتی وقت ضائع کررہا ہے۔رات دیر گئے تک جاگ رہے ہیں اور دن میں تاخیر سے اٹھ رہے ہیں اسی طرح نوجوان طبقہ کی اکثریت گٹھکا ،زردہ ،تمباکو ،مئے نوشی اور دیگر غیر ضروری عادتوں میں ملوث ہوکر اپنی بہتر صحت کو خراب کررہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ تندرستی ہزار نعمت ہے۔اس لئے ضروری ہے کہ اپنی صحت کا خاص خیال رکھا جائے۔انھوں نے روزانہ کثرت کو اپنا معمول بنانے کی اپیل کی۔انھوں نے کہا کہ اس مفت طبی کیمپ سے مقامی سینکڑوں افراد جن میں مرد ،عورت اور بچے شامل تھے استفادہ کیا اور انہیں ڈاکٹر کی تفویض کردہ ادویات فراہم کی گئیں۔