سرینگر//رفیع آباد بارہمولہ کے ایک گائوں میں آتشزدگی کی ایک بھیانک اور دلخراش واردات کے دوران ایک رہائشی مکان خاکستر اور اس میں موجود ایک60سالہ خاتون زندہ جھلس کر لقمہ اجل بن گئی۔مقامی لوگوں کے مطابق سنیچر کی صبح غلام حسن خان ولد شیر ولی خان کے دو منزلہ مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور 60 سالہ بیگم جان اپنے کمرے میں تھی وہ وہ باہر نہیں نکل پائی اور جھلس کر لقمہ اجل بن گئی جس کے بعد اس گائوں میں صف ماتم بچھ گئی ۔بعد میں فائر اینڈ ایمر جنسی سروس کے اہلکاروں نے پولیس عام لوگوں کی مدد سے آگ پر قابو پا لیا ہے اور دیگر مکانوں کو نقصان سے بچایا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہفائر سروس گاڑیوں کا اس جگہ تک پہنچنے کیلئے کوئی راستہ نہیںتھا جس کی وجہ سے اتنا نقصان ہوا ۔انہوں نے بتایا کہ علاقے میں پانی بھی دستیاب نہیں تھا جس نتیجے میں لوگوں کو آگ بجھانے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ایس ایچ اور پانزلہ محراج الدین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کیس درج کرکے مذید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ادھر سوپورکے آرمپورہ علاقے میں جمعہ بعد دوپہر اُس وقت کہرام مچ گیا جب 4سالہ حاذق نبی ولد غلام نبی گنائی ساکن آرمپورہ حادثاتی طور نالے میں جاگرا ۔کچھ دیر بعد اسے بیہوشی کی حالت میں برآمد کرکے سب ڈسٹرکٹ اسپتال سوپور منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔اس واقعہ سے علاقے میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی۔