ڈوڈہ//پورے چناب خطہ کی طرح بھلیسہ کے مختلف مقامات پر بھی معصوم آصفہ کی عصمت ریزی اور قتل کے خلاف زبردست احتجاج کیا گیا اور اس میں ملوث لوگوں کو عبرت ناک سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا۔جمعہ کے روز بھلیسہ کے بیشتر بازار بند رہے اور بٹیاس،ملک پورہ،اخیار پور، گندو، گواڑی اور کلہوتران میں زور دار احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور بعد نمازِ جمعہ احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔مظاہرین نے معصوم آصفہ کی عصمت ریزی اور قتل میں ملوث درندوں کے خلاف زور دار نعرہ بازی کرتے ہوئے اْنہیں پھانسی پر لٹکانے کا مطالبہ کیا۔بار ایسوسی ایشن جموں اور فرقہ پرست وزراء اور لیڈروں کے خلاف بھی زور دار نعرہ بازی کی گئی۔مظاہروں میں بلا لحاظ مذہب و ملت اور فرقہ و پارٹی عوام نے شرکت کر کے بیک زبان مجرموں کو عبرت ناک سزا دینے کی مانگ کی۔جامع مسجد بٹیاس بازار سے بزرگ سماجی کارکن الحاج غلام حسین بٹ، کانگریس لیڈر اور سابو سرپنچ بٹیاس مسرت حسین نیائک وجان محمد نیائک اور پی ڈی پی لیڈران محمد اسحٰق ملک ،وصیت ٹاک اور برکت علی بٹ کی قیادت میں بعد نماز جمعہ ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں شامل سینکڑوں لوگ نعرہ بازی کرتے ہوئے بس اسٹینڈ تک پہنچا جہاں مختلف مقررین نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے آصفہ کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اور مجرمین کو پھانسی پر لٹکانے کا مطالبہ کیا۔مظاہرین نے بار ایسوسی ایشن جموں اور مجرموں کو بچانے کی کوشش کرنے والے ریاستی وزراء اور فرقہ پرست لیڈروں کے خلاف بھی جم کر نعرہ بازی کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ریاستی کابینہ میں شامل جو وزراء اس معاملہ کو فرقہ وارانہ رنگت دینے کی کوشش لر رہے ہیں اْن کو فوری طور کابینہ سے برطرف کیا جانا چاہیے اور کن وکلاء نے پولیس کاروائی میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی ہے اْن کے لا ئسنس کالعدم کئے جانے چاہئیں۔مقررین نے پولیس کاروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایسے آفیسران اور اہلکاران کو حوصلہ افزائی کے طور پر انعام دیا جانا چاہیے جنہوں نے کسی بھی قسم کے دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے درندوں کی درندگی کی پوری کہانی سامنے لائی ہے۔اخیار پور بھلیسہ میں بھی بعد نماز جمعہ زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جہاں مظاہرین کی قیادت لیاقت علی شیخ سابق سرپنچ تیندلہ، یونس رشید ملک سابق سرپنچ بدھلی، سابق سرپنچ چنیاس پنچائت طارق حسین بٹ اور کانگریس لیڈر جاوید اختر وانی کر رہے تھے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اْنہوں کے قاتلوں کو پھانسی پر لٹکانے اور چوہدری لال سنگھ اور چندر پرکاش گنگا کی کابینہ سے فوری برخواستگی کا مطالبہ کیا۔اْنہوں نے ریاست میں بڑھتی ہوئی فرقہ پرستی اور ہر معاملے کو فرقہ وارانہ رنگت دینے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایسے لیڈران کو لگام دینے کا بھی مطالبہ کیا جو اپنے حقیر مفادات کے لئے لوگوں کو تقسیم کر کے یہاں کے حالات کو بگاڑنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔انجمن اسلامیہ نیلی بھلیسہ کی کال پر انجمن کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد عرفان ندوی کی قیات جامع مسجد چنگا سے بھی بعد نماز جمعہ ایک احتجاجی جلوس نکالا گیا جو نعرہ بازی کرتا بس اسٹینڈ گواڑی پہنچا جہاں مقررین نے اس بیہمانہ واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے مجرمین کو کیفر کردار تک پہنچانے اور اس واقع کو فرقہ وارانہ رنگت دینے کی کوشش کرنے والے وزراء، لیڈران اور وکلاء کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا۔ملک پورہ میں مظاہرین کی قیادت نیشنل کانفرنس لیڈر محمد حنیف ملک اور پی ڈی پی لیڈر فرید احمد وانی نے کی۔گندو، جطوطہ اور دہگر علاقوں میں بھی اسی قسم کے احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔