غلام نبی آزاد کا اظہارِ دکھ و تعزیت
ڈوڈہ// سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد نے گذشتہ روز ڈوڈہ کے بھلیسہ میں پیش آئے دلدوز حادثہ میں جاں بحق ہوئے دو حقیقی بھائیوں کی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے۔ اپنے ایک تعزیتی پیغام میں آزاد نے کہا، ’’ یہ المناک خبر سن کر مجھے ذاتی طور پر صدمہ پہنچا ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہوں‘‘۔ انہوں نے مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے اہل خانہ سے یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کی بھی دعا کی۔ آزاد نے صوبائی و ضلع انتظامیہ سے متاثرہ کنبہ کی معقول مالی امداد فراہم کرنے و زخمی شخص کا مفت و بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے متاثرہ کنبہ کے ساتھ فون پر بھی بات کرکے تعزیت کی۔
سیاسی و سماجی شخصیات
ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ پر پیش آئے سڑک حادثہ میں دو سگے بھائیوں کی موت پر دوسرے روز بھی تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری رہا۔ اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں پی ڈی پی لیڈر اندروال عبدالمجید بٹ، سابق سرپنچ و سماجی کارکن بال کرشن پٹھانیہ ،چیئرمین ہلیپنگ ہینڈ ٹرسٹ محبوب مصطفی آزاد، سابق سرپنچ فیروز دین ملک گوجر لیڈر چوہدری عبدالطیف بانیاں، نیشنل کانفرنس بزرگ لیڈرحاجی عمر الدین نیائک، کانگریس لیڈر حاجی شاہ دین نیائک، کانگریس کارکن فیاض احمد بٹ، عبدالمجید بٹ، صدر بیوپار منڈل گندوہ شیخ شاہنواز، یوتھ لیڈر نیشنل کانفرنس اشتیاق احمد نیائک، این سی یوتھ بلاک صدر اظہر الدین ملک نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کی ہے۔ انہوں نے نے انتظامیہ سے ایس ڈی آر ایف کے تحت متاثرہ کنبوں کی مالی امداد کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے مرحومین کی ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت مانگی۔ اس دوران گورنمنٹ مڈل اسکول اولڈ ملکپورہ میں ہیڈ ماسٹر جعفر حسین ملک کی صدارت میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں اسکول ہذا کے دونوں سابق طلاب کو یاد کرتے ہوئے ان کی ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا کی اور غمزدہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن
لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن ڈوڈہ کا تعزیتی اجلاس زیر صدارت نیاز احمد راہی ضلع صدر منعقد ہوا جس دوران گندوہ حادثہ میں جاں بحق ہوئے دو بھائیوں کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کی۔ انہوں نے انتظامیہ سے ڈوڈہ ضلع کی رابطہ سڑکوں کو آمدورفت کے قابل بنانے ومکمل طریقے سے برف ہٹانے کا مطالبہ کیا تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات رونما نہ ہو سکیں۔ اجلاس میں غلام حسن پانپوری، شکیل احمد دیو، صدر پنشنرز ایسوسی ایشن انجینئر نذیر احمد شیخ، گوپال سنگھ ،رشپال سنگھ و نعیم احمد نے بھی شرکت کی۔