اشتیاق ملک
ڈوڈہ// جموں وکشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے بھدرواہ قصبے میں ہفتے کی صبح سے کرفیو میں بارہ گھنٹے کی ڈھیل دی گئی تاہم انٹرنیٹ خدمات مسلسل منقطع ہیں ۔قصبے میں حالات معمول پر آرہے ہیں جبکہ انتظامیہ کی جانب سے ذی عزت شہریوں کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ بھدرواہ میں ہفتے کی صبح سات بجے سے شام سات بجے تک کرفیو میں نرمی کا اعلان کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ احتیاطی طور پر ہفتے کے روز بھی قصبے میں سبھی تعلیمی ادارے بند رہیں۔ان کا کہنا ہے کہ اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو پیر کے روز قصبے میں اسکولوں اور کالجوں میں درس وتدریس کا کام کاج پھر شروع ہوگا۔ بھدرواہ قصبے میں پچھلے دس روز سے موبائیل اور برانڈ بینڈ انٹرنیٹ خدمات معطل ہے جس کی وجہ سے طلبا کو سخت مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔ اتوار کو ضلع بھر میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات بحال کرنے کا بھی امکان ہے ۔یاد رہے کہ بی جے پی لیڈر کی جانب سے گستاخی کرنے کے خلاف بھدرواہ میں مقامی لوگوں نے پُر امن احتجاجی جلوس نکالا تھا جس دوران سوشل میڈیا پر کئی افراد نے حساس نوعیت کے پوسٹ شیئر کئے جس کے بعد قصبے میں سخت کرفیو نافذ کرناپڑا تھا۔حکام نے کہا کہ امن وقانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے شہر میں پولیس اور سیکورٹی فورسز کو بڑی تعداد میں تعینات کیا گیا ہے ۔