بھدرواہ میں کرفیو کے دوران انتظامیہ کی انہدامی کارروائی کے دوران 100ناجائز تجاوزات ہٹائی گئیں

بھدرواہ//قصبہ میں جہاں کرفیو تیسرے روز بھی مسلسل جاری رہا وہیں انتظامیہ نے بلدیہ کے ساتھ مل کر قصبہ میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف زور دار مہم چلائی جس میں 100کے قریب تجاوزات کو ہٹایا گیا اس میں بنچ، کرسیاں میز، لوہے کی گرل اور عارضی ڈھانچوں میں منہدم کر دیا۔ تحصیلدار بھدرواہ ذیشان طاہر کے مطابق یہ فیصلہ قصبہ میں ناجائز تجاوزات کی وجہ سے لگنے والے ٹریفک جام اور امن و قانون کے معاملات کو مد نظر رکھ کر لیا گیا ہے اس کے لئے بلدیاتی ادارہ کے ساتھ مل کر مہم چلائی گئی ۔ بھاری سیکورٹی اہلکاروں کے ہمراہ انتظامیہ نے سیری بازار، جائی روڈ، گنپت بازار، تکیہ چوک، صدر بازار، لکشمی نارائن چوک، جامع مسجد علاقہ اور پاسری بس اڈہ پر یہ مہم چلائی۔ ایگزیکٹو آفیسر بھدرواہ میونسپل کمیٹی محمد اشرف زرگر کے مطابق یہ مہم وسیع تر عوامی مفادات کے پیش نظر چلائی گئی ہے ۔ کئی لوگوں کی طرف سے غیر قانونی طور پر فٹ پاتھوں، بازاروں اور سڑکوں پر قبضہ کیا گیا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے دوران ایک سو کے قریب غیر قانونی تجاوازات کو ہٹا یا گیا ہے ۔