بھدرواہ //بھدرواہ کے دردو علاقے میں ایک ٹپر حادثے کاشکار ہوکر گہری کھائی میں جاگر اجس کے نتیجہ میں ڈرائیور سمیت 2افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ ایک شخص زخمی ہواہے ۔ریت سے لدا ہوا ٹپر زیر نمبر HP19A 6937 ڈوڈہ سے بھدرواہ کی جانب آرہاتھا جو گزشتہ رات دردو کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکرسڑک سے 120فٹ گہری کھائی میں جاگرا ۔حادثے کی خبر ملتے ہی ایس ایچ او بھدرواہ منیر خان اپنی ٹیم لیکر موقعہ پر پہنچے ۔ انہوں نے مقامی لوگوں کی مدد سے بچائو کارروائیاں شروع کرکے تباہ شدہ گاڑی سے اس میں سوار افراد کو باہر نکال کر سب ضلع ہسپتال بھدرواہ منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے دوافراد کو مردہ قرار دیا جن کی شناخت پون کمار عرف کاکا ولد بدری ناتھ ساکن دھار روڈ اودھمپور اور سنجے کمار ولد پرتھو ی راج ساکن منتھلا بھدرواہ کے طور پر کی گئی ۔ اس حادثے میں رشب کمار ولد پورن چند ساکن دبرا پٹھانکوٹ زخمی ہواہے جسے بھدرواہ میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد مزید علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال منتقل کردیاہے۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ بھدرواہ میں ایف آئی آر زیر نمبر 01/2019زیر دفعات 279, 304-Aآر پی سی کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔ یہ بتایاجارہاہے کہ ٹپر دردو علاقے میں ایک مکسچر پلانٹ کے ساتھ کام کررہاتھا ۔