نیوز ڈیسک
بھدرواہ// بھدرواہ میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے بعد 9 جون کو منقطع براڈ بینڈ اور دیگر فکسڈ لائن انٹرنیٹ خدمات کو اتوار کی صبح بحال کر دیا گیا اور کرفیو میں 12 گھنٹے کی نرمی کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق بھدرواہ میں اتوار کی صبح 11بج کر15 منٹ پر براڈ بینڈ اور تمام فکسڈ لائن انٹرنیٹ خدمات کو بحال کر دیا گیا جو کہ 9 جون سے معطل کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق بی جے پی کے دو سابق لیڈروں کے حالیہ ریمارکس اور سوشل میڈیا پوسٹس کی وجہ سے پیدا ہونے والے فرقہ وارانہ کشیدگی کے پیش نظر بھدرواہ سمیت پورے خطہ چناب میں بندشیں عائد کر دی گئیں تھیں، جنہیں اب ہٹایا جا رہا ہے۔
بھدرواہ قصبہ میں احتیاطی تدابیر کے طور پر موبائل انٹرنیٹ خدمات بدستور معطل ہیں۔ عہدیداروں نے کہا کہ احتیاطی اقدام کے طور پر کرفیو میں نرمی کی مدت کے دوران بھدرواہ میں دفعہ 144 کے تحت پابندیاں جاری رہیں گی۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ ”صورتحال قابو میں ہے اور کہیں سے کوئی ناخوشگوار واقعہ رپورٹ نہیں ہواہے“۔