نئی دہلی //نیشنل کانفرنس صدر وممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو یہ خوف ہے کہ اُن کیلئے بھارت میں کوئی بھی جگہ نہیں ہے۔دلی میں ایک تقریب کے حاشئے پر بولتے ہوئے ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ کشمیریوں کے ذہنوں میں یہ خوف ہے اور نوجوانوں کے ذہنوں میںیہ پایا جارہا ہے کہ بھارت میں اُن کیلئے جگہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا ’’ جب میں دیکھتا ہوں کہ لوگ تشدد کر کے ایک دوسرے کو مار رہے ہیں، یا جب میں دیکھتا ہوں آپ کے مذہب کی وجہ سے آپ کو نشانہ بنایا جاتا ہے، تو میں اُن کو کیسے تیار کروں؟‘‘۔ڈاکٹر فاروق نے کہا ’’ہمیں جاگنے کی ضرورت ہے، اگر آپ نہیں جاگ سکتے ہیں، توبھارت کہیں نہیں ہو گا اور یہ بکھر جائے گا‘‘ ۔ایک دوسری تقریب کے دوران انہوں نے اپنے خطاب میں کہا ’’ مہاتما گاندھی اور جواہر لال نہرو کی جمہوریت اب کہیں پر بھی نظر نہیں آرہی ہے، سیاست بُری نہیں ہے ہاںسیاست دان برے ہو سکتے ہیں‘‘ ۔انہوں نے کہا کہ ہم سے کئی لوگوں کی خدمت کیلئے سیاست اختیار کرتے ہیں جبکہ کچھ لوگ پیسہ بنانے کیلئے سیاست میں آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ خوف ہوتا ہے کہ اگر ہم ایمانداری سے کام کریں گے تو ہم نہیں جیت پائیں گے، اسلئے ہم جھوٹ بولتے ہیں،لہٰذا ہم غلطی پر ہیں۔انہوں نے کہا ’’حکومت مندروں ،مساجد اور گردواروں میں نہیں بلکہ وہ لوگوں میں رہتی ہے، اگر آپ لوگوں کی خدمت کرتے ہیں تو آپ خدا کی خدمت کرتے ہیں‘‘ ۔انہوں نے کہا کہ ہر انتخاب نے ہندوستان کو متحد کرنے کے بجائے تقسیم کیا ہے، ہم مساجد وں اور مندروں کیلئے لڑتے ہیں لیکن لوگوں کیلئے نہیں ‘‘۔انہوں نے کہا ’’وہ جمہوریت کہاں ہے جو گاندھی نے ہمیں لا کر دی تھی اور جس کے بارے میں نہرو نے بتایا تھا ۔‘‘انہوں نے کہا کہ بھارت بہت ہی مشکل مرحلے سے گزر رہا ہے ۔