سرینگر/بھارت نے پاکستان میں سرحد پار کارروائی کرتے ہوئے منگل کودعوی کیا کہ اس نے پاکستان کی حدود میں کشمیر میں سرگرم مسلح تنظیم جیشِ محمد کا ایک کیمپ تباہ کردیا ہے۔
نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارت کے سیکریٹری خارجہ وجے گوکھلے نے کہا کہ بھارتی طیاروں نے آج علی الصباح پاکستان کے علاقے بالا کوٹ میں جیشِ محمد کے سب سے بڑے کیمپ کو نشانہ بنایا۔
گوکھلے نے کہا کہ فضائی کارروائی ممکنہ فدائین کے حملوں کو روکنے کے لیے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی۔
بھارتی سیکریٹری خارجہ نے دعوی کیا کہ کیمپ مولانا یوسف اظہر المعروف استاد غوری کی نگرانی میں چلایا جا رہا تھا جو ان کے بقول جیشِ محمد کے سربراہ مسعود اظہر کا بردارِ نسبتی ہے۔
وجے گوکھلے نے کہا کہ حملے میں کیمپ میں موجود بڑی تعداد میں جیش کے ''دہشت گرد''، انہیں تربیت دینے والے اساتذہ اور تنظیم کے سینئر کمانڈرز مارے گئے ہیں۔
انہوں نے دعوی کیا کہ بھارت کو ملنے والی انٹیلی جنس معلومات کے مطابق جیشِ محمد بھارت کے کئی علاقوں میں خود کش حملوں کی تیاری کر رہی تھی اور کیمپ میں اس مقصد کے لیے فدائین کو تربیت دی جا رہی تھی۔