سڈنی/آج بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان سیریزکا دوسرا ٹی 20 بین الاقوامی میچ کھیلا جائیگا۔ہندوستان نے موجودہ آسٹریلیائی دورے میں سڈنی میں کھیلے گئے پہلے دو ون ڈے میچوں میں شکست کھائی تھی اور اسے سڈنی گراؤنڈ میںہیٹ ٹرک کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ہندوستان 19-2018 کے دورے میں سڈنی میں کھیلا گیا ون ڈے میچ گنوایا تھا لیکن کینبرا کے مانوکا اوول گراؤنڈ میں وراٹ کوہلی کی ٹیم نے میزبان آسٹریلیا کو لگاتار دو میچوں میں شکست کا مزہ چکھا یاہے ۔کینبرا میں پہلی بار آسٹریلیا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستان نے ون ڈے سیریز کا تیسرا میچ کینبرا میں 13 رنز سے جیتا اور سیریز میں اپنی عزت بچائی۔ ٹیم انڈیا نے پہلا ٹی 20 میچ 11 رنز سے جیتا تھا۔ ہندوستان نے 161 رنز بنانے کے بعد آسٹریلیا کا چیلنج 150 پر روک دیا ۔ہندوستانی ٹیم اب ٹی 20 سیریز کے بقیہ دو میچ کھیلنے کے لئے سڈنی واپس چلی گئی ہے جہاں اس کا ریکارڈ زیادہ متاثر کن نہیں ہے ۔ ہندوستان کو ٹی 20 سیریز جیتنے کے لئے سڈنی کا تعطل توڑنا ہوگا۔ تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز دونوں ممالک کے درمیان 19-2018 میں 1-1 سے برابر رہی تھی۔ تاہم ، ہندوستان کو دوسرے میچ سے پہلے ہی ایک دھچکا لگا ، کیونکہ فارم میں چل رہے آل راؤنڈر رویندر جڈیجا سر میں اور ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے باقی سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔جڈیجا نے پہلے میچ میں ناٹ آوٹ 44 رنز بنائے تھے اور ہندوستان کو 161 رنز کے چیلنجنگ اسکور تک پہنچایا تھا۔ جڈیجہ کو اننگز کے آخری اوور میں مشیل اسٹارک کی گیند ہیلمیٹ پر لگی تھی ۔ جڈیجا نے اننگز مکمل کی لیکن وہ آسٹریلیا کی اننگز میں فیلڈنگ کے لئے نہیں اترے ۔ہندوستان نے کنکشن سبسٹی ٹیوٹ کے طور پر لیگ اسپنر یوزویندر چہل کو شامل کیا جنہوں نے 25 رنز پر تین وکٹ حاصل کرکے ہندوستان کو جیت دلانے میں اہم رول ادا کیا۔ جڈیجا کے باہر ہونے کے بعد تیزگیندباز شاردل ٹھاکر کو ان کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ ٹھاکر نے کینبرا میں آخری ون ڈے میں تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔جڈیجا کے باہر ہونے سے وارٹ کو اپنی حکمت عملی میں کچھ تبدیلی کرنی ہوگی تاکہ ہندوستانی بلے بازی متاثر نہ ہو۔ہندوستانی ٹیم کو اپنی بلے بازی میں بہتری لانی ہوگی کیونکہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سلامی بلے باز لوکیش راہل اور جڈیجا کے علاوہ کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا تھا۔ راہل نے 51 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی اور ایک بار پھر اسی طرح کی اننگز کھیلنے کی ذمہ داری ان پر ہوگی۔ٹیم کے سلامی بلے باز شکھر دھون نے پہلے میچ میں مایوس کیا اور صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے ۔ انہیں راہل کے ساتھ ایک بڑی شراکت قائم کرنی ہوگی تاکہ ٹیم انڈیا مضبوط آغاز کرسکے ۔ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے اور تیسرے ون ڈے میچوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے وراٹ پہلے میچ میں فلاپ ثابت ہوئے اور صرف نو رنز ہی بناسکے ۔