عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ بھارت ہمیشہ امن پسند ملک رہا ہے تاہم کوئی بھی غلط حرکت کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اس کو بھر پور انداز میں جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے مسلح افواج کو جدید ترین ہتھیاروں اور تربیت سے لیس کرنے کی تمام کوششیں کر رہی ہے۔ مشرقی لداخ میں چین کے ساتھ دیرینہ سرحدی تنازعہ اور پاکستان کی حمایت کے درمیان راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان ہمیشہ سے ایک امن پسند ملک رہا ہے لیکن وہ دشمنی کرنے والوں کو نہیں بخشے گا۔ ملک کے 77 ویں یوم آزادی کے موقع پرانہوں نے کہا ’’ہم نہ صرف امن کے خواہاں ہیں بلکہ اپنے اعمال کے ذریعے امن کیلئے اپنے عزم کا اظہار بھی کرتے ہیں لیکن ساتھ ہی ہم یہ بھی واضح ہیں کہ اگر کوئی ہماری طرف بری نیت یا دشمنی سے دیکھنے کی جرات کرے گا تو ہماری افواج منہ توڑ جواب دیں گی‘‘۔ہندوستان کی خودمختاری کو برقرار رکھنے میں فوجیوں کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہاکہ قوم اپنے بہادر سپاہیوں کے ساتھ کھڑی ہے جو اپنے آرام اور سہولیات کی پرواہ کیے بغیر اپنی جان داؤ پر لگا کر سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا ’’مسلح افواج اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتی ہیں جب انہیں بہترین سامان اور تربیت فراہم کی جائے۔ ان اقدامات سے فوجیوں کے حوصلے بلند ہوتے ہیں، انہیں چیلنجوں پر قابو پانے اور فتح حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہماری حکومت فوج کو عالمی معیار کے سازوسامان اور تربیت فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے تاکہ ملک مستقبل کے تمام چیلنجوں پر قابو پا سکے۔مسلح افواج میں خواتین کے بڑھتے ہوئے کردار پر، انہوں نے کہا کہ فوج کو خواتین کیلئے ایک مساوی اور بہتر کام کرنے کی جگہ بنانے کے لیے کئی ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔