بھاجپا کے حمایت واپس لینے کے باوجود

کرگل//کرگل پہاڑی ترقیاتی کونسل کے چیئرمین اور نیشنل کانفرنس رہنما فیروزاحمدخان نے جمعرات کو اُ ن کی کرسی کو بھاجپاکی طرف سے حمایت واپس لینے سے کسی قسم کے خطرے کو مسترد کیا۔انہوں نے کہا کہ انہیں لازمی ممبران کے تعداد کی حمایت پشت پر ہے۔ان کایہ بیان بھاجپا کی طرف سے کرگل خودمختار ترقیاتی کونسل میں نیشنل کانفرنس کوحمایت واپس لینے اورکرگل خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کو تحلیل کرنے کی سفارش کے بعدسامنے آیا ہے۔خان نے کہا کہ مجھے حیرت ہوئی کیوں کہ لداخ خودمختار ترقیاتی کونسل کرگل خوش اسلوبی کے ساتھ کام کررہی تھی اورترقیاتی کاموں میں کافی تیزی آئی تھی۔ہوسکتا ہے کہ بھاجپا کا مقامی یونٹ اس سے ناخوش ہو۔انہوں نے بھاجپاکے لداخ یونٹ کو بھی آڑے ہاتھوں لیااوراس کے الزامات کو مکمل طور ’گمراہ کردینے والا‘اور’غلط ‘قرار دیا۔تاہم انہوں نے رقومات کی بلاخلل فراہمی کیلئے وزیراعظم نریندرمودی اورلیفٹیننٹ گورنرآر کے ماٹھرکی ستائش کی ۔انہوں نے کہا کہ کہ لداخ خودمختارپہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل میں بھاجپااور نیشنل کانفرنس کے درمیان کوئی اتحاد نہیں تھا۔ہماراپی ڈی پی کے ساتھ اتحاد تھا جن کے دوممبرتھے جو بعدمیں بھاجپا میں شامل ہوئے۔بھاجپاممبران ان کی حمایت کرتے تھے اور سرکاری طور ان کے درمیان کوئی اتحاد نہیں تھا۔