بھاجپا کے باغی لیڈرلعل سنگھ کاجموں کی دونوں نشستوں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ

جموں//بھارتیہ جنتاپارٹی کے باغی لیڈرچوہدری لعل سنگھ نے جموں صوبہ کی دونوں پارلیمانی نشستوں پر ڈوگرہ سوابھیمان سنگٹھن سے الیکشن لڑنے کافیصلہ لیاہے ۔لعل سنگھ سابق پی ڈی پی ۔ بی جے پی اتحادی حکومت میں کابینہ وزیر تھے جنہیں رسانہ عصمت دری و قتل کیس کے ملزمان کی حمایت میں نکالی گئی ہندو ایکتا منچ کی ریلی میں شرکت کرنے پر کابینہ سے فارغ کردیاگیا۔لعل سنگھ کے قریبی ذرائع نے بتایاکہ ڈوگرہ سوابھیمان سنگٹھن کی مرکزی ورکنگ کمیٹی نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ لیاہے کہ لعل سنگھ جموں کی دونوں پارلیمانی نشستوں اودھمپور ۔ڈوڈہ اور جموں۔پونچھ سے الیکشن لڑیں گے ۔پارٹی کے ترجمان اعلیٰ کیرتی بھوشن کاکہناہے کہ لعل سنگھ جموں کاز اور یہاں کے لوگوں کیلئے لڑ رہے ہیں اور عوام سے اپیل ہے کہ وہ انہیں حمایت دے کر دونوں نشستوں سے کامیاب کروائیں ۔ لعل سنگھ جموں۔پونچھ نشست کیلئے 25مارچ کو کاغذات نامزدگی درج کروائیں گے جبکہ ڈوڈہ۔اودھمپور نشست کیلئے وہ 26مارچ کو کاغذات داخل کریں گے جہاں سے وہ 2004سے 2014تک پارلیمنٹ ممبر رہ چکے ہیں ۔