سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ (رکن پارلیمان) نے نئی دلی کے رام لیلا میدان میں بھاری اجتماع میں کسانوں کیساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اُن کے مطالبات اور مانگوں کو مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ بھاجپا کو باہر کا راستہ دکھانے کیلئے ایک جُٹ ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی میں بیٹھی موجودہ بھاجپا حکومت کسانوں اور دیگر پسماندہ طبقوں کو راحت پہنچانے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے وقت پر بھاجپا جذباتی معاملات اُٹھاتی ہے اور سماج کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرتی ہے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ بھاجپا کو حکومت سے باہر کا راستہ دکھایا جائے اور ملک کے سیکولر کردار کو از سرنو بحال کیا جائے۔کسانوں کی مکمل حمایت کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ کسان ہمارے ملک کی ریڈ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔انہوں نے حکومت ہند پر زور دیا کہ وہ کسانوں کے MSP میں اضافہ کرے اور وقت کی ضرورت ہے کہ کسانوں کے قرضوں کو معاوف کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر نے سیکولر بھارت کیساتھ مشروط الحاق کیا ہے اور ملک کا یہ کردار قائم رہنا چاہئے جس کیساتھ ہم جڑے ہیں۔