بھاجپا ایس ٹی مورچہ کے ریاستی سیکریٹری نے پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دیا

مینڈھر //پارلیمانی انتخابات 2019سے قبل بھاجپا کے ایس ٹی مورچہ کے ریاستی سیکریٹری نے پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ۔مینڈھر میں منعقدہ ایک پریس کا نفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے پارٹی کے ایس ٹی مورچہ کے ریاستی سیکریٹری ایڈو کیٹ اخلاق حسین خاکی نے بھاجپا قیادت پر الزام عائد کرتے ہو ئے کہا کہ پارٹی نے ہمیشہ مسلمانوں کوا ستعمال کر کے نفرت کی سیاسی کو جنم دیا ہے لیکن پارٹی نے پسماندہ اور اقلیتی طبقہ کی فلاح و بہبود کی جانب کو ئی توجہ نہیں دی ۔موصوف نے کہا کہ پارٹی ریاست جموں وکشمیر میں دفعہ 370اور 35Aکو اپنی سیاست کیلئے استعمال کر رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اقتدار میں آنے کے بعد پارٹی کی جانب سے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے بجائے ،ہندو مسلم ،مندر اور مسجد کی سیاست کررہی تھی اور اب انتخابات کے قریب آتے ہی پارٹی لیڈران عوام کو دوبارہ سے دھوکہ دینے کو شش کررہے ہیں ۔ ایڈو کیٹ اخلاق حسین نے کہا کہ پارٹی نے مسلمانوں کے مذہبی معاملات کیساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے اور عوام کو آپس میں لڑانے کی ہر بار کوشش کی ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ پارلیمانی انتخابات میں عوام نفرت کی سیاسی کو قبول نہیں کرینگے ۔