راجوری//بھارتیہ جنتا پارٹی کو کشمیر کے لوگوں کیلئے امید کی نئی کرن قرار دیتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر رویندرینہ نے کہاکہ نیشنل کانفرنس، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور کانگریس نے گوجر اور بکروال کی آبادی کو جموں و کشمیر میں کونے کی طرف دھکیلنے دیا ۔ان خیالات کا اظہار موصوف نے راجوری ضلع میں منعقدہ ایک عوامی کنونشن کے دوران کیا جہاں پر مختلف پہاڑی قبائلی تنظیموں نے بھرپور حمایت کی۔اس کنونشن کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رینہ نے کہا کہ کشمیر میں ایک وقت ایسا بھی تھا جب کوئی بھی بی جے پی کا جھنڈا تھامنے کو تیار نہیں تھا لیکن اب ایک وقت آگیا ہے جب بی جے پی کی ریلیوں میں لوگوں کی بڑی موجودگی دیکھی جا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ حال ہی میں وادی کشمیر کے کئی علاقوں خاص طور پر کپواڑہ اور بارہمولہ کا دورہ کیا اور لوگوں کی ایک بڑی ہجوم نے پارٹی کی میٹنگوں اور کنونشن میں حصہ لیا اور یہ سب بی جے پی کے تئیں عوامی محبت کو ظاہر ہے۔موصوف نے بی جے پی کو کشمیر کے لوگوں کیلئے امید کی ایک نئی کرن قرار دیتے ہوئے کہاکہ اب لوگوں کے پاس بی جے پی ہے جو ان کی شکایات کا ازالہ کر رہی ہے۔نیشنل کانفرنس، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور کانگریس پر جموں و کشمیر میں گجروں اور بکروالوں کو کونے میں دھکیلنے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان تینوں سیاسی جماعتوں نے کئی دہائیوں تک ایک قبائل کو حقیقی حقوق سے محروم رکھا ۔فاریسٹ رائٹس ایکٹ اور سیاسی ریزرویشن کے فوائد میں توسیع نہ کرنے سے، این سی، کانگریس اور پی ڈی پی نے گجروں اور بکروالوں کو کونے میں دھکیل دیا جبکہ پسماندہ طبقہ کے نوجوانوں کو ملازمتوں سے محروم کرنے کیلئے بین الاضلاع بھرتی پر پابندی کا کالا قانون لایا۔بھاجپا کے ریاستی صدر نے کہاکہ جلد ہی بھاجپا پہاڑی قبائل کو ان کا حق دے گی ۔اس کنونشن سے خطاب کرنے والے دیگر بی جے پی لیڈروں میں بی جے پی جموں و کشمیر کے جنرل سکریٹری وبود گپتا، سینئر لیڈر اور سابق وزیر چودھری طالب حسین، ڈی ڈی سی ممبر درہال اقبال ملک، ضلع صدر راجندر گپتا، دنیش شرما، بھارت بوشن وید، کپل سریال اور دیگر شامل تھے۔
مغل شاہراہ اٹل بہاری واجپائی کی مثبت سوچ کا نتیجہ
سمت بھارگو
راجوری//ایک ایسے وقت میں جب نیشنل کانفر نس اورپی ڈی پی سمیت مختلف سیاسی پارٹیاں مغل روڈ کے تعمیراتی منصوبے کواپنی کامیابی کا دعویٰ کرتی ہیں وہائیں بی جے پی جموں و کشمیر کے صدر رویندر رینہ نے جمعہ کو کہا کہ مغل روڈ ہندوستان کے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی مثبت سوچ کا نتیجہ ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ دیگر سیاسی جماعتیں کھوکھلے دعوے کرنے کیساتھ ساتھ صرف کاغذی گھوڑے چلانے میں مصروف ہیں ۔بھاجپاکے ریاستی صدر نے راجوری ضلع میں ایک کنونشن کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’’میں نے کئی سیاسی جماعتوں کو مغل روڈ کی تعمیر کا دعویٰ کرتے سنا ہے لیکن یہ تمام دعوے کھوکھلے ہیں اور عوام کو بے وقوف بنایا جارہا ہے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ مغل روڈ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی مثبت و تعمیراتی سوچ کا نتیجہ ہے اور انہوںنے اس پروجیکٹ کو حقیقی شکل میں لایا ۔