بھاجپانے عوام کے استحصال اورمنافرت پھیلانے کے سواکچھ نہیں کیا:آزاد

بانہال + ڈوڈہ // ریاست جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلی غلام نبی آزادنے گزشتہ روزحلقہ انتخاب بانہال کے کھڑی اورڈوڈہ میں الگ الگ عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے ڈوڈہ – ادہمپور پارلیمانی نشست سے کانگریس امیدوار وکرم آدتیہ سنگھ کے حق میں لوگوں سے ووٹ دینے کی اپیل کی۔غلام نبی آزادنے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے پچھلے پانچ سالوں میں عوام کا صرف استحصال کیا ہے اور پورے ملک میں مذہب کے نام پر لوگوں کوتقسیم کرنے کاکام کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اصولوں کی سیاست کرتی ہیں اور کام اور اعلی سیاسی اصولوں کی بنیاد پر لوگوں سے ووٹ مانگ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے عوام سے ترقی کے نام ، کروڑوں کی نوکریاں اور پندرہ پندرہ لاکھ روپے ہر شہری کے بنک کھاتے میں ڈالنے کے وعدے کئے تھے لیکن  تمام انتخابی وعدے جھوٹ اور بیان بازی کے سوا کچھ بھی ثابت نہ ہوئے۔ انہوں کی کہا کہ کانگریس پارٹی اصولوں اور کام کی بنیاد پر لوگوں کے پاس جاکر ووٹ مانگ رہے ہیں کیونکہ ہم نے کام کیا ہے۔ جھوٹے وعدوں کو مدنظر لوگوں کو بھاجپا کے لیڈروں کو گھروں میں گھسنے کی اجازت بھی نہیں دینا چاہیئے۔لوگوں کو دس کروڑ نوکریوں ، بنک کھاتوں میں روپے منتقل کے سوال کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے پانچ سالوں کے دوران کہیں کوئی ترقی نہیں ہوئی  اور ناہی سب کا وکاس ، نہ بیٹی پڑھاؤ اور بیٹی بچاؤ کا نعرہ سچ ثابت ہوسکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے دور اقتدار میں پندرہ سالوں میں سے سے زیادہ ملی ٹینسی ہوئی ، سب سے زیادہ  فورسز پر حملے ہوئے ، سب سے زیادہ اہلکار مارے گئے اور سب سے زیادہ سرحدی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکرم آدتیہ سنگھ کو کامیاب بنانے کیلئے تمام مذہبوں کے لوگوںکو ووٹ دینا چاہیئے تاکہ آپ کی آواز کو پارلیمنٹ میں پہنچایا جاسکے۔ غلام نبی آزاد نے لوگوں سے اپیل کرتے  ہوئے کہا کہ اس بار کانگریس پارٹی کے امیدوار وکرم آدتیہ سنگھ کے حق میں ووٹ ڈالیں تاکہ وہ کامیاب ہو کر ان پسماندہ اور بچھڑے علاقوں کی ترقی کا کام انجام دے سکیں اورعوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس پارٹی ہی پورے ملک میں واحد ایسی سیاسی  جماعت ہے جو لوگوں کو آپس میں جو ڑ تی ہے اور مذہبی منافرت پھیلانے کے بجائے  ملک کی تعمیر و ترقی اور ملک کو دنیا میں نمایاں بنانے میں کامیاب رہی ہے۔ انہوں نے کانگریس نے ماضی میں پہاڑی علاقوں میں آباد لاکھوں کی آبادی کو کو جوڑنے کیلئے سڑکیں شروع کی تھیں لیکن میرے قلیل مدت کے وزارت اعلیٰ کے یہ کام اب آگے نہ بڑھا نے کی وجہ سے ٹھپ ہوکررہ گئے ہیں اور میکڈم اور نالیوں کا دیگر کام تک بھی انجام نہیں دیا جاسکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ہی آپسی بھائی چارہ اور تعمیر و ترقی کی ضامن جماعت ہے ۔اس موقعہ پر سینئر کانگریس لیڈر اور سابقہ ممبر اسمبلی بانہال وقار رسول ، بلاک صدر اور  فاروق کٹوچ ،  امتیاز احمد اور محمد شریف گنائی بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں ڈوڈہ میں سابق وزیرعبدالمجیدوانی کی رہائش گاہ پرمنعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے غلام نبی آزادنے کہاکہ چناب ویلی نے ہمیشہ کانگریس کاساتھ دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اندراگاندھی ، راجیوگاندھی اورمجھے ہمیشہ خطہ چناب کے لوگوں کابھرپورتعاون ملاہے ۔انہوں نے کہاکہ مجھے امیدہے کہ عوام چناب کانگریس اُمیدوارکے حق میں ووٹ دے کرسیکولرازم اورجمہوریت کومضبوط کریں گے۔اس دوران آزادنے کہاکہ بی جے پی نے لوگوں کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے نہ کئے ۔اس موقعہ پر نریش کمارگپتا، عبدالمجیدوانی ، اسلم گونی ، پیارے لعل شان ، جاویدآزاد، سیدحنیف شاہ ، آصف جہاں گتو ،شیخ مجیب وکانگریس لیڈران بھی موجودتھے ۔