حسین محتشم
پونچھ//شری بڈھا امرناتھ یاترا کا سات سو افراد پر مشتمل پہلا قافلہ بدھ کو پونچھ میں وارد ہوا۔شری کرشن چندر میموریل گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ کے گراؤنڈ میں یاتریوں کا والہانہ استقبال کیا گیا۔اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر یاسین محمد چوہدری، ایس ایس پی پونچھ یوگل منہاس کے علاوہ پونچھ کے سیاسی سماجی شخصیات،مذہبی رہنما، بجرنگ دل،وشو ہندو پریشد،سناتن دھرم سبھا پونچھ کے مختلف مندروں کے انتظامیہ کمیٹیوں کے عہدے داران اور عام شہریوں کی بڑی تعداد نے یاتریوں کا ہار پہنا کر استقبال کیا۔اس دوران ایک استقبالیہ تقریب بھی منعقد کی گئی جہاں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے باہر سے آنے والے یاتریوں کو سرحدی ضلع پونچھ میں خوش آمدید کہا۔مقررین نے رشیوں،منیوں، پیروں اور فقیروں کی زمین پر بیرون ریاست اور ریاست سے آنے والے مہمانوں کو خیر مقدم کہااور انہیں یقین دلایا کہ یہاں کی مہمان نوازی سے وہ ضرور متاثر ہوں گے۔بڈھا امرناتھ یاترا کی قیادت کر رہے بجرنگ درل اور وشع ہندو پرشد کے لیڈران نے بھی اس دوران خطاب کرتے ہوئے عوام کا شکریہ ادا کیا۔بتا دیں کہ بڈھا امرناتھ کا پہلا قافلہ پونچھ پہنچا ہے۔ قافلہ شب پونچھ میں ہی قیامکرے گا اور کل صبح یعنی اٹھ اگست کو صبح سویرے یہ قافلہ پونچھ سے بڈھا امرناتھ چٹانی بابا کے درشن کیلئے روانہ ہوگاجہاں خصوصی پوجا ارچنا ہوگی اس کے بعد وہیں سے قافلہ جموں کے لئے واپس روانہ ہو جائے گا۔