ارشاداحمد
سرینگر// بڈگام میں شر پسندوں نے 11 کے وی فیڈر کے 7 ایچ ٹی بجلی کے کھمبوں کو کاٹ دیا ہے، جس وجہ سے ایک وسیع آبادی بجلی سے محروم ہوگئی ۔ مقامی لوگوں نے شدید برہمی کا اظہار کر کے پولیس میں ایک کیس درج کیا ہے ۔ علاقے میں یہ واقعہ 17اور 18 دسمبر کی درمیانی رات کو پیش آیا۔ پولیس تھانہ بیروہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ قانون کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔اس حوالے سے اسسٹنٹ ایگزیکیٹوانجینئر بیروہ نے بتایا کہ 17 اور 18 دسمبر کی درمیانی رات میں ایک عجیب و غریب اور غیر ذمہ دارانہ حرکت میں گاؤں پتھزانیگم کے کچھ نامعلوم افراد نے 11KV فیڈر کے 7 لکڑی کے ایچ ٹی کھمبوں کو کاٹ دیا۔ اس وجہ نے مختلف دیہات یعنی پکھر پورہ، کانگری پورہ، بٹ پورہ، چاکر پورہ، کھنڈی پورہ، زوگی پورہ اور لچھمن پورہ وغیرہ کی بجلی کی سپلائی کو متاثر کیا ہے۔پولیس چوکی ہردہ پنزو کے انچارج علی محمد نے کشمیر عظمی کو معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کی نسبت مقدمہ زیر نمبر 167/2022 درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔