بچوں کی صلاحیتوں میں نکھارلانے کی ضرورت

بڈگام//محکمہ تعلیم بڈگام کی طرف سے منگل کو شیخ العالم ؒ ہال میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا جس کا مقصد سرکاری تعلیمی ادارو ں میں زیادہ سے زیادہ بچوں کے اندراج کے لئے لوگوں کو ترغیب دینا تھا۔تقریب میںموجودمہمان خصوصی ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ڈاکٹر سحرش اصغرنے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں صد فیصد اندراج کو یقینی بنانے کے لئے جانفشانی کے ساتھ اقدامات کئے جائیں۔انہوںنے کہا ’’ میرے لئے یہ انتہائی تسلی بخش ہے کہ 2017-18میں کیمونٹی موبائیلزیشن پروگرام کے تحت زونل ایجوکیشن اوردیگر متعلقین کی کوششوں سے 10ہزار طلبأ کا نیا اندراج یقینی بن گیا ہے‘‘۔انہوںنے مزید کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں زیادہ سے زیادہ اندراج کے لئے وسیع جانکاری پروگرام کے علاوہ کیمونٹی موبائیلزیشن پروگرام کی زمینی سطح پر عمل آوری کی ضرورت ہے۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر بڈگام نے ناظم تعلیم کے ہمراہ پہلی سے8ویں جماعت کے کئی طلبأ میں نصابی کتابیں تقسیم کیں۔اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ڈاکٹر سید سحرش اصغر نے اومپورہ میںایک پرائیویٹ اسکول کے نئے کیمپس کا افتتاح کیا۔ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی ذہنی اور کھیل صلاحیتوں میں نکھار لانے کی ضرورت ہے۔