بچائو کاروائیوں میں کام آنے والے سامان کی فراہمی اور یوم جمہوریہ پر عزت افزائی

 بانہال // غیر سرکاری تنظیم ہمالین کیو آر ٹی رامسو کی جانب سے سب ڈویژن ہیڈکوارٹر رامسو میں ایک میٹنگ میں یوم جمہوریہ کے موقع پر ضلع ، سب ضلع اور تحصیل انتظامیہ کی سطح پر ہمالین کیو آر ٹی رامسو کے رضاکاروں کے کام کی سراہنا کرنے اور انجمن کو اس کام کے عوض میں انتظامیہ کی طرف سے انعامات و اعزات سے نوازنے اور ان کی عزت اور حوصلہ افزائی کیلئے پوری ضلع انتظامیہ اور پولیس انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا گیا۔ ہمالین کیو ٓار ٹی نے گزشتہ دنوں ضلع ہیڈکواٹر رام بن میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے ریڈ کراس کی مد سے ریسکیو کے دوران کام آنے والے سامان کے ملنے پر بھی ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن مسرت الاسلام کا شکریہ ادا کیا گیا۔ ہمالین کیو آر ٹی رامسو ٹیم کے سربراہ عبدالرحمان سوہل نے نے کہا ہے کہ وہ ضلع انتظامیہ کے ایثار کیلئے ان کے شکر گذار ہیں اور اس کیلئے وہ ڈی ڈی سی کونسلر رامسو فیاض احمد نائیک کی جانب سے ہمشیہ سے کی جانیو الی حوصلہ افزائی اور نمائندگی کیلئے ان کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ سمیت دیگر ناگہانی آفات میں جان ہتھیلی پر کام کرنے کیلئے ایک گاڑی سمیت کئی ضروری ساز و سامان کی ضرورت ہے اور مرحلہ وار طور یہ سہولیات بھی فراہم کی جانی چاہئیں ۔ اس موقع پر ہمالین صریح الحرکت ٹیم کے سرپرست شاہجہان میر نے کہا کہ ہمارے رضاکار پچھلے چالیس سال سے سڑک حادثات اور دیگر آفات سماوی میں انتظامیہ کے شانہ بشانہ پولیس اور حکام کے ساتھ انسانیت کی خدمت کیلئے میسر ہوتے ہیں اور انسانی خدمات کا یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہیگا۔ انہوں نے ضلع اور سب ضلع انظامیہ کی طرف سے انہیں نوازنے کیلئے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے حوصلے اور جذبے کو بروئے کار لاکر انسانیت کی خدمت کیلئے پیش پیش رہیں اور بلا لحاط انسانیت کی خدمت کیلئے ماضی کی روایات کو پوری شدت سے آگے بڑھائیں۔ہمالین کیو آر ٹی نے حکومت و ضلع  انتظامیہ سے مودبانہ اپیل کی ہے کہ وہ بچائو کاروائیوں کیلئے تمام تر سہولیات کو میسر رکھنے کیلئے آہستہ آہستہ مرحلہ وار طور کام کریں اور رام بن ضلع کی تمام بچائو ٹیموں کو جدید سامان سے لیس کیا جائے جس میں حادثے کے وقت سب سے  بڑا مسئلہ ٹرانسپورٹ کا ہوتا ہے اور گاڑی کی مدد سے ہی جائے واقع پر فوری طور پہنچا جا سکتا ہے۔