سرینگر//بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی جنرل سیکریٹری اشوک کول نے کارکنوں پرزوردیا ہے کہ وہ آنے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے تیاررہیں۔اننت ناگ میںپارٹی کارکنوں کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ چنائو اسمبلی انتخابات کیلئے ایک تجربہ ہے اور کورپشن کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے کیلئے لازمی ہیں۔میٹنگ میں جنوبی کشمیر کے دوردرازعلاقوں سے آئے پارٹی کارکنوں جن میں ضلع صدور،کانسٹی چیونسی صدوراوردیگر نے شرکت کی اور پارٹی کو انتخابات میں کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے اپنی آرا سے باخبر کیا۔اشوک کول نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھاجپا کو ریاست جموں کشمیر کے عوام کی فلاح بہبودکی فکر ہے اور نظام میں شفافیت اور جوابدہی لانے کیلئے ہرممکن اقدام کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مرکز ریاست کے لوگوں میں نئی امنگ پیدا کرنے کیلئے یہاں بہتر انتظامیہ اورترقی پر توجہ مرکوزکئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل لوگوں کوبااختیار بنانے اور بلدیاتی اداروں کو مضبوط بنانے میں ہے۔میٹنگ کے دوران ممبر قانون ساز کونسل صوفی یوسف نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے ترقی اور خوشحالی یقینی بن جائے گی،اور ریاست جموں کشمیر میں امن اور معمول کے حالات بحال ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ریاست میں ایماندار،موثراورلائق انتظامیہ کے ذریعے امن ،استحکام اور خوشحالی لانے کی متمنی ہے تاکہ ریاست کے لوگوں کودرپیش مشکلات کودورکیا جاسکے۔ اس موقعہ پر ضلع صدراننت ناگ رفیق احمد وانی نے کہا کہ ہم نے ان انتخابات کیلئے تمام تیاریاں مکمل کی ہیں اور آنے والے بلدیاتی انتخابات میں ہم بہتر کارکردگی کامظاہرہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔