حسین محتشم
پونچھ// سردی ضلع پونچھ کے شہر خاص میں بس اڈہ علاقہ میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب تقریباً ساڑھے 12 بجے محمد امین ماگرے کی دو دکانوں میں اچانک آگ نمودار ہوئی۔اس دوران جب تک لوگوں کو آگ لگنے کی خبر ہوئی اور فائر سروس کو اطلاع دی گئی تب تک دکانیں جل کر راکھ ہو گئیں۔اس حوالے سے وہاں موجود لوگوں نے کہا کہ یہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے نمودار ہوئی تاہم اس حوالے سے کوئی واضح معلومات نہیں مل پائی۔متاثرہ تاجر محمد امین ماگرے نے کہا کہ ان کا تقریباً50لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا کریانہ اور مرغوں کا کاروبار تھا جو پوری طرح ختم ہوگیا۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ وہ بروقت حرکت میں آئی اور مزید نقصان ہونے سے شہر کو بچا لیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا نقصان تو ہو گیاتاہم اگر پولیس اور فائر سروس بروقت کاروائی کر کے آگ پر قابو نہ پاتی تو بہت زیادہ نقصان ہو جاتا۔