ڈوڈہ// جموں کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما مرزا مظفر حُسین بیگ نے ریاست خاص کر وادی کشمیر میں انسانی ہلاکتوں پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وقت آچُکا ہے جب مسئلہ کشمیر کو اس کے سیاسی پس منظر میں حل کرنے کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں پریس کے نام جاری بیان میں مظفر حُسین بیگ نے کہا کہ یہ وقت انسانی لاشوں پر سیاست کا نہیں ہے بلکہ ہم سب کو مل بیٹھ کر مسئلہ کشمیر کے حتمی حل کے لئے دباؤ اور سازگار ماحول کے لئے کام کرنا ہوگا۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ایک تاریخی مسئلہ ہے اور یہ ایک قوم کا مسئلہ ہے اور سیاسی مسئلہ ہے۔ لہذا اس کو اُسی تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے اور بات چیت ہی مسئلہ کا واحد راستہ ہے۔ اور دُنیا میں ابھی تک انسانی سماج کے قیام سے لے کر جب بھی کوئی مسئل پیدا ہوا ہے وہ مذاکرات سے ہی حل ہوا ہے اور مسئلہ کشمیر کے بارے میں ہماری جماعت کا صاف شفاف واضح موقف ہے اور امن عمل میں پاکستان اور کشمیر ی علٰحیدگی پسند قیادت کو شامل کئے بغیر امن کا تصور بھی محال ہے اور موجودہ وقت میں جب ہمارے تعلیم یافتہ جوانوں کی ہلاکت نے پوری قوم کو جھنجوڑ دیا ہے مسئلہ کشمیر کو کسی اقتصادی یا دوسرے کسی عینک سے دیکھنا زمینی حقائق کے خلاف ہے اور جس قدر تاخیر ہوگی اسی قدر یہ نقصان دہ ہے اور اس مسئلہ کی وجہ سے خود بھارت کی تعمیر و ترقی میں بھی رکاوٹ کھڑی ہوتی ہے اور بر صغیر میں امن کادارومدار مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے اور امن کے بغیر تعمیر ترقی معاشی تعلیمی سائنسی ترقی کا تصور بھی ناممکن ہے تو پھر ہم کیسے دُنیا کی چیلنجوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں اُنہوں نے خاص کر ریاست کی تمام سیاسی قیادت پر زور دیا ہے کہ سرجوڑ کر بیٹھ کر قوم کو اس دلدل سے نکالینے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں تاکہ آنے والی نسلوں کے سامنے ہم مجرم نہ ہوں اور خود اپنے ضمیر کو مطمئن کرنے کے لئے بھی ضروری ہے کہ ہم مصیبت کی اس گھڑی میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں۔