جموں//رواں سال موسم سرما میں غیر متوقع طور پر موسم خشک رہنے کی وجہ سے پورے خطے میں سرد ترین ہواؤں کے باعث عوام کو ازحد مشکلات کا سامنا ہے۔گزشتہ دو دنوں سے جاری بارش اور بر ف باری سے پورا جموں و کشمیر شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، خصوصاًخطہ پیر پنجال کی عوام کو حد درجہ مشکلات اور مصائب کا سامنا ہے۔ ان باتوں کا اظہار زونل صدر نیشنل کانفرنس پیر پنجال اورسابق ممبر اسمبلی مینڈھر جاوید احمد رانا گزشتہ روز یہاں جاری ایک پریس بیان میں کیا۔اُنہوں نے کہا کہ سابقہ روایات کے عین مطابق اس مرتبہ بھی اس پسماندہ خطہ کی عوام کو بنیادی سہولیات ، پانی ، بجلی و طبی خدمات تک رسائی حاصل نہیں ہو رہی ہے۔ رانا نے کہا کے پورے پیرپنجال خطہ کے برفانی علاقوں خاص طور پر اضلاع پونچھ اور راجوری میں آباد عوام شدید مشکلات اور مصائب کا شکار ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس پسماندہ اور پہاڑی علاقے میں اشیاء خوردونوش کی کمی ہمہ وقت محسوس کی جا رہی ہے، پسماندہ اور سرحدی اضلاع راجوری اور پونچھ میں انسانی زندگی مشکل ہے کیونکہ جغرافیائی اعتبار سے یہ دونوں اضلاع دشوار گزار پہاڑوں پر مشتمل ہیں اور یہی ایک بنیادی وجہ ہے کہ خطہ پیر پنجال جموں وکشمیر کے دوسرے علاقوں کی نسبتاً ہر اعتبار سے کافی پسماندہ ہے۔ جاوید احمد رانا نے کہا کے اضلاع راجوری پونچھ کے موسم کو دھیان میں رکھتے ہوئے تمام راشن ڈپووں پر ضرورت کے مطابق مناسب راشن کو دستیاب رکھا جائے تاکہ اس پسماندہ خطہ کے مظلوم عوام کو اشیاء خوردونوش مناسب قیمتوں پر بروقت دستیاب ہو سکیں۔ سابق ممبر اسمبلی نے کہا کہ اچانک شدید برف باری کی وجہ سے بنیادی سڑک رابطے منقطع ہونے کی وجہ سے عوام کی مشکلات میں بدستور اضافہ ہوتا جارہا ہے جس کے منفی اثرات انسانی زندگیوں پر اثر انداز ہورہے ہیں۔ جاوید احمد رانا نے کہا کے اس نظام میں پینے کا صاف پانی اور بجلی کی سپلائی ایک بحرانی شکل اختیار کرتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کے پورے خطہ پیر پنجال میں پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ ہمارے دور اقتدار میں کھربوں روپے کی لاگت سے شروع کی جانے والی تمام کی تمام واٹر لفٹ سکیمیں ناکارہ ہو گئی ہیں اور عوام کی لاکھ داد و فریاد کے باوجود انتظامیہ عوام کے ساتھ انصاف کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کے یہی حال محکمہ بجلی کا ہے آج شدید کی سردی میں بھی اس پورے پسماندہ خطہ میں مناسب اور بروقت بجلی میسر نہیں ہوتی ہے آج اس پورے پسماندہ خطہ میں عوام کو بجلی کی خرابی اور پانی کی کمی نے عوام کی پریشانیوں میں اضافہ کر دیا ہے اور انتظامیہ اس مسئلے پر خاموش تماشائی بن کر دیکھ رہی ہے۔ رانا نے مطالبہ کیا کہ ان اضلاع میں بجلی اور پانی کی سپلائی کو جنگی بنیادوں پر بحال کیا جائے۔ اس کے علاوہ راجوری پونچھ اضلاع کے حلقے اور دیگر علاقوں میں راشن کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی کہ وہ برفباری والے علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لیں جو ریاست کے باقی حصوں سے ایک ہفتے سے کٹے ہوئے ہیں اور انتظامیہ کو ہدایت جاری کریں کہ ان علاقوں میں ضروری اشیاء کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔