برفباری کے 10 روز بعد بھی چھاترو کے متعدد علاقے گھپ اندھیرے میں

کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کی سب ڈویژن چھاترو کے متعدد علاقہ جات گزشتہ دس روز سے بجلی کی عدم دستیابی کے سبب گھپ اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں جبکہ انتظامیہ خواب غفلت میں سوئی ہوئی ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ فروری کی 21تاریخ سے چنگام کے علاقہ پہلگواڑہ ، کھواڑہ ، گرھٹمنڈو ، وٹسر ، بونگام ، پھڑگام ، کوترنہ ، بچھین ، کنسو و کولمولہ علاقہ جات گھپ اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں۔لوگوں نے بتایا کہ علاقہ میں برفباری کے سبب بجلی کی ترسیلی لائنیںو پول گرگئے ہیں جسے ان علاقوں میں بجلی کی سپلائی متاتر ہوئی۔ غلام حسین نامی مقامی شہری نے بتایاکہ آنے والے دنوں کے اندر بجلی کا بل آئے گاجبکہ بجلی ہی نہیںہے۔انہوںنے کہا کہ لائنیں و پول ایسے لگائے گئے ہیں جو ہوا کے جھونکے سے گرسکتے ہیں اور ویسا ہی ہوا۔ علاقہ کے لوگوں نے بتایا کہ مقامی نوجوان اب خود خطرہ مول لیکر گرے ہوئے کھمبوںو ترسیلی لاینوں کی مرمت کررہے ہیں جبکہ محکمہ کے ملازمین زمینی سطح پر غائب ہیں ۔انھوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے محکمہ کے ملازمین کے سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے اور علاقہ میں بجلی کی بحالی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔