سری نگر//فوج نے شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ میں ٹنگڈار- چوکی بل شاہراہ پر منگل کی صبح تازہ برفانی تودے گر آنے کی وجہ سے پھنسنے والے کم سے کم 14 لوگوں کو بچا لیاہے۔
ایک دفاعی ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فوج کی ایک ریسکیو ٹیم کو ایک اطلاع موصول ہوئی کہ ٹنگدار- چوکی بل شاہراہ پر برف باری کے باعث دو برفانی تودے گر آئے ہیں جس سے مسافر بر دار گاڑیاں جن میں بچے، خواتین اور عمر رسیدہ افراد بھی سوار ہیں، درماندہ ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی نیلم کمپنی آپریٹنگ بیس کی ایک ٹیم کپٹن کلجوت سنگھ کی قیادت میں جائے موقع پر پہنچی اور جنگی بنیادوں پر بچاؤ کارروائیاں شروع کر دیں۔
بیان میں کہا گیا کہ فوج نے14 مسافروں جن میں خواتین، بچے اور عارضہ قلب میں مبتلا ایک مریض بھی شامل تھا کو صحیح سلامت نکال کر محفوط مقام پر پہنچایا۔
دریں اثنا لوگوں نے فوج کی اس بر وقت کارروائیکی سر اہنا کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔