سرینگر//جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے ہڈیوں اور جوڑوں کے ہسپتال برزلہ کی تعمیر نو میں حکومت کی سست روی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے ، جو رواں سال مارچ میں آگ کی ہولناک واردات میں خاکستر ہوگیا تھا۔ پارٹی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ طبی نگہداشت کی اہم سہولت کی تعمیر نو کے کام کو کسی بھی قسم کی دھیان نہ دینے کے باعث معاملے کو سرد خانے میں ڈال دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کو خاکستر ہوئے 3ماہ سے زیادہ وقت ہوگیا ہے ،لیکن افسوس اس بات کی ہے کہ ہسپتال کو اس کی قدیم شان میں بحال کرنے میں انتظامیہ سست روی اختیار کر لی ہے اور ابھی تک تعمیرنو کیلئے کوئی بھی خاطر خواہ پیش رفت دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ڈاکٹر کمال نے کہا کہ آگ کی واردارت کے دوسرے روز حکومت نے بہت سارے بلند بانگ دعوے اور اعلانات کئے تھے اور کہا گیا تھا کہ ایک ماہ کے اندر اندر ہسپتال کی تعمیر نو مکمل کی جائے لیکن 3ماہ سے زیادہ عرصہ گزر جانے کے باوجو دبھی ابھی تک کوئی خاطر خواہ کام نہیں ہواہے، اگر ایسا کہا جائے کہ تعمیری کام نہ ہونے کے برابر ہوا ہے تو غلط نہیں ہوگا۔ این سی معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے اُمید ظاہر کی کہ انتظامیہ خواب غفلت سے جاگ کر ہسپتال کی فوری تعمیر نو کا کام شروع کرے گی۔