سرینگر//سرینگر جموں شاہراہ پر بدھ کے روز سیول ٹریفک کی نقل وحمل پر کوئی پابندی عائد نہیں رہی تاہم مارول پلوامہ کراسنگ پر بدستور رکاوٹیں کھڑی رہیں اور کسی بھی گاڑی کو شاہراہ پرچلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔محکمہ ٹریفک کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ' سی آر پی ایف نے انہیں بذریعہ ٹیلی فون مطلع کیا کہ 17 اپریل 2019 کو شاہراہ پر کسی بھی کانوائے کی آمد ورفت نہیں ہے لہٰذا پہلے جاری کئے گئے ٹریفک شیڈول میں ترمیم کی جاتی ہے اور بدھ کو شاہراہ پر ٹریفک حسب معمول چلے گا'۔بندشیں ہٹانے کے بارے میں کشمیر پولیس کو مطلع نہیں کیا گیا تھا اور پلوامہ سے سرینگر آرہی سینکڑوں گاڑیوں کو مارول کراسنگ سے شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں دی گئی اور شام 5بجے تک یہاں تین پولیس اہلکار ڈیوٹیوں پر مامور تھے جنہوں نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑا کی تھیں ، اور انہوں نے بندشیں نہ ہونے کے باوجود شاہراہ پر کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں دی۔واضح رہے کہ حکام نے قومی شاہراہ پر سیول ٹریفک کی نقل وحمل پر ہفتے میں دو دن اتوار اور بدھ وار کو پابندی عائد کر رکھی ہے اس دوران شاہراہ پر صرف فورسز قافلوں کو چلنے کی اجازت ہے۔ادھر سی آر پی ایف نے ڈوڈہ سے تعلق رکھنے والے ایک مریض کی موت واقع ہونے میں اعلیٰ سطحی تحقیقات کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔