پلوامہ/سوپور// پلوامہ کے مےن مارکےٹ مےں بجلی کی عدم دستےابی کے خلاف مرد وزن نے زور دار احتجاجی مظا ہر ہ کےا جبکہ شمالی قصبہ سوپور میں پانی اور بجلی سپلائی کی عدم دستیابی کے خلاف لوگ سڑکوں پر نکل آ ئے۔پلوامہ قصبہ میں بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف سنیچر کو لوگوں نے مےن مارکےٹ مےں احتجاجی مظاہرہ کےا۔ مظاہرین نے محکمہ بجلی اور حکمران جماعت کے خلاف زوردار نعرہ بازی کی۔ مظاہرین کاکہنا تھا کہ گذشتہ ایک ماہ سے وہ بجلی کی سپلائی سے محروم ہیں اور باربار گذارشات کے باوجود بھی متعلقہ محکمہ ٹس سے مس نہیں ہوا۔ مظاہرین کے مطابق برقی رو کی عدم دستیابی سے صارفین کو گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور اب صبر کا پیمانہ لبریز ہونے کے بعد وہ سڑ کوں پر نکل آئے۔انہوں نے کہاکہ جب تک علاقہ میں بجلی بحال نہیں ہوگی وہ احتجاجی سلسلہ جاری رکھیں گے۔ صورتحال کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے پولےس اورانتظامیہ نے محکمہ بجلی کے افسران سے میٹنگ کرکے عوامی شکایات کا ازالہ کرنے پر زوردیا۔ادھر وادی کے کئی علاقوں جن میں کپواڑہ ، اوڑی ، کولگام ،شوپیان ، چرارشریف ، بیروہ، چاڈورہ ،قاضی گنڈ ، بارہمولہ، کنگن ،پلوامہ،بڈ گام ،اننت ناگ اور با نڈ ی پورہ سے بھی شکاےات موصول ہو رہی ہیں کہ ان علاقوں میں بجلی کی عدم دستیابی سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ان علاقہ جات کے لوگوں نے محکمہ بجلی پر الزام عائد کیاکہ محکمہ کی طرف سے لوگوں کو بجلی فراہم کرنے کےلئے ابھی تک کوئی حکمت عملی ترتیب نہیں نہیں دی جا رہی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو اس ٹھٹھرتی سردی میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کپوارہ سے اطلاع ہے کہ کرناہ، مڑھل اور کےرن کے علاوہ کپواڑہ کے کئی دےہات، جن میں گزرےال ، آورہ ،دردسن ، لون ہڑئی، شمناگ، ترگام، ہلمت پورہ اوردرد پورہ میں بجلی نایاب ہے جبکہ ٹےٹول بھی بجلی سے محروم ہے جس کی وجہ سے لوگوں میں محکمہ بجلی کے خلاف غم و غصہ پاےا جارہا ہے ۔ لوگوں کا کہنا کہ چوبےس گھنٹوں مےں صارفین کو تےن یا چارگھنٹے کی بجلی ہی سپلائی کی جاتی ہے جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ صارفین کو بجلی کی عدم دستیابی کے حوالے سے کس طرح تکلیف دہ صورتحال کا سامنا ہے۔انہوںنے حکومت کو خبردار کیا کہ ا گر آنے والے ایام میں بجلی کی صورتحال جوں کی توں رہی تو سرکار کے خلاف زوردار احتجاجی مہم چھیڑ د ی جائے گی ۔ بانڈی پورہ کی پہاڑی بستےوں کے علاوہ ملنگام، چکی ریشی پورہ ، سندرونی، اہم شرےف ارگام ، ملن گام اور آلوسہ کے علاوہ کئی دےہات میں اکثر اوقات بجلی غائب ہی رہتی ہے ۔ ادھر ضلع بڈگام کے ماچھی باغ ، کرگام ، بانڈر پورہ ، پالپورہ ، کرمشورہ مےں لوگوں نے محکمہ بجلی کے شیڈول کے خلاف غم وغصے کا اظہار کےا ہے۔ پلوامہ کے اچھن ،شادی مرگ، کلر ، ٹےنگپونہ کے علاوہ کئی دےہات میں بجلی کی آنکھ مچولی برابر جاری ہے اور ان دےہات میں بھی ہر دن کٹوتی کی رواےت کو برقرار رکھا گےا ہے ۔اس دوران شمالی قصبہ سوپور کے وارپورہ میں مظاہرین نے سوپور بانڈی پورہ شاہراہ پر دھرنا دیکرٹریفک کی آمد و رفت روک کر حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں بجلی اور پانی کی سپلائی دستیاب نہیںہے، جس کی وجہ سے لاکھوں نفوس پر مشتمل آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ لوگ بجلی کے بحران سے تنگ آچکے ہیںاور محکمہ بجلی کی عدم توجہی بھی عوام کےلئے درد سر بن گئی ہے۔ بعد ازاں پولیس حکام نے موقع پر آکر مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کی ان کے مسائل کو متعلقہ حکام کی نوٹس میں لایا جائے گا۔