بارہمولہ // کنڈی بارہمولہ کے متعدد ددیہات میں بجلی کی مسلسل آنکھ مچولی نے لوگوں کو سخت پریشانیوں میں مبتلا کردیا ہے ۔جس کی وجہ سے لوگوں میں محکمہ بجلی کے خلاف سخت نارضگی پائی جارہی ہے۔ لوگوں کے مطابق اگر چہ صارفین ہر ماہ بجلی کی بلیںادا کررہے ہیں تاہم اُنہیں شیڈول کے مطابق بجلی نہیں مل رہی ہے ۔ کنڈی بارہمولہ کے مرن ٹنگواری ،راج پورہ ، چندوسہ ،وڈہا مہ ،ددھ بگ کے علاوہ کئی دیہات کے لوگوں نے محکمہ بجلی پر الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ ان علاقوںمیں گھپ اندھیرا ہے ۔ جس کے نتیجے میں مقامی لوگوں کے علاوہ طلاب کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔ مقامی شہری غلام محمد خان نے کشمیرعظمیٰ کوبتایا کہ شام کو جب شیڈول کے مطابق بجلی سپلائی فراہم کی جاتی ہے تو محض 10منٹ کے بعد اچانک کا ٹ دی جاتی ہے اور بعد میں کئی گھنٹوں کے بعد دو بارہ بجلی سپلائی فراہم کی جاتی ہے اور یہ سلسلہ ہر روز جاری رہتا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ بجلی کے علیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں جلد از جلد بجلی سپلائی میں بہتری لایا جائے تاکہ لوگوں کو درپیش مشکلات سے چھٹکار مل سکے۔