بجلی کاترسیلی نظام درہم برہم

کنگن// ضلع گاندربل کے بٹ محلہ سمبلی بالا گنڈ کے وارڈ نمبر 3 میں بجلی کا ترسیلی نظام درہم برہم ہے جس کے نتیجے میں مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے از خود بستی میں بجلی کے عارضی کھمبے نصب کئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں ترسیلی لائنیں کھمبوں کے بجائے درختوں کے ساتھ لٹکی ہوئی ہیں جس سے ہمیشہ حادثہ رونما ہونے کا خدشہ لاحق رہتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کی بستی 20گھرانوں پر مشتمل ہے جو موسم بہار میں بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے دوسری جگہ نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بستی میں بجلی سپلائی کو بہتر بنانے کے لئے محکمہ بجلی کا کوئی اہلکار نظر نہیں آتا ہے جس کی وجہ سے برفباری کے دوران لوگوں کو کافی مشکلات درپیش رہتے ہیں۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ انہوں نے ترسیلی نظام کو بہتر بنانے کے لئے بیک ٹو ولیج پروگرام میں بھی یہ مسئلہ اجاگر کیا لیکن آج تک ان کے اس مسئلہ کو حل نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ان کی بستی میں ترسیلی نظام کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں تاکہ موسم سرما کے دوران انہیں مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔