بجلی ملازمین کی جواہر نگر علاقے میں کارروائی | بڑی تعداد میں ہیٹر ،بائیلر و دیگر سامان ضبط کیا گیا

 تھنہ منڈی// منیجنگ ڈائریکٹر جے پی ڈی سی ایل کی ہدایات پر محکمہ پی ڈی ڈی کے ملازمین کی جانب سے راجوری کے جواہر نگر علاقے میں محکمہ کے جے ای محمد آصف چوہدری کی سربراہی میں بجلی چوری کے خلاف ایک خصوصی مہم چلائی گئی جس کے دوران غیر قانونی طور پر بجلی کی چوری کیلئے استعمال ہونے والے ہیٹر ،بائیلرز و دیگر سازو سامان ضبط کر لیا گیا۔واضح رہے کہ متعلقہ جے ای کی قیادت میں ملازمین کی جانب سے جواہر نگر کے مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ متعلقہ جونیئر انجینئرآصف چوہدری نے بتایا کہ اس سلسلے میں لوگوں کے خلاف ایک بڑی کارروائی کی گئی ہے البتہ ابھی بھی بہت سارے لوگ غیرقانونی طور پر بجلی کا استعمال کر رہے ہیں جن کے خلاف بہت جلد سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انھوں نے کشمیر عظمیٰ کی وساطت سے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ بجلی کا جائز استعمال کریں تاکہ بجلی سپلائی میں خلل نہ آئے۔ بجلی چوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کی گئی کاروائی کے دوران محکمہ کے آفیسر اور دیگر ملازمین نے غیر قانونی طور پر ہیٹر ، بائیلر اور دیگر استعمال کی جا رہی الیکٹرانک اشیاء کو ضبط کیا اور ان کے خلاف قانونی کاروائی کی گئی۔بجلی محکمہ کے افسران نے بجلی کا ناجائز استعمال کرنے والے صارفین کو انتباہ دیا کہ اگر انہوں نے بجلی کے ناجائز استعمال پرروک نہ لگائی تو ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی اور غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔