یو این آئی
نئی دہلی//بڑھتی ہوئی گرمی کے دوران ملک کو بجلی کے بحران سے بچانے کے لیے ناردرن ریلوے نے اب تک کل 40 مسافر ٹرینیں منسوخ کی ہیں۔ ان چالیس ٹرینوں کی کل 1081 ٹرپس منسوخ کر دی گئی ہیں۔ یہ ٹرینیں 24 مئی تک منسوخ رہیں گی۔ ان ٹرینوں کو اس لیے منسوخ کیا گیا ہے تاکہ کوئلہ لے جانے والی خالی اور لدی ہوئی مالبردار ٹرینوں کی آمدورفت کو ترجیح دی جا سکے۔ صرف ان روٹس کی مسافر ٹرینیں منسوخ کی گئی ہیں جن پر کوئلے کی مالبردار ٹرینیں چل رہی ہیں۔ ریلوے کی ‘ایس ای سی آر’ یعنی جنوب مشرقی وسطی ریلوے زون میں بلاس پور، رائے پور اور ناگپور ڈویڑنز شامل ہیں۔ اس علاقے میں کوئلہ سے لدی ٹرینوں کی آمدورفت سب سے زیادہ ہے، اس لیے یہاں چلنے والی کل 32 ٹرینوں کو منسوخ کیا گیا ہے۔ ان ٹرینوں کی کل 1041 ٹرپس منسوخ کی گئی ہیں، جن میں 479 میل/ایکسپریس ٹرینیں اور 562 مسافر ٹرینیں ہیں۔