بجبہاڑہ// پولیس کے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر کو بدھ کی شام اننت ناگ ضلع کے بجبہاڑہ علاقے میں نامعلوم بندوق برداروں نے گولی مار دی، جس کے بعد وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے سرینگر منتقلی کے دوران دم توڑ بیٹھا۔
ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ جموں و کشمیر پولیس کے ایک اے ایس آئی کو بدھ کی شام کو ایس ڈی ایچ بجبہاڑہ کے قریب مشتبہ عسکریت پسندوں نے گولی مار دی۔
انہوں نے کہا کہ اے ایس آئی کی شناخت محمد اشرف ساکن اونتی پورہ کے طور پر ہوئی ہے جس کو چار گولیاں لگی ہیں اور اسے تشویشناک حالت میں ایس ڈی ایچ بجبہاڑہ منتقل کیا گیا ، جہاں سے اسے انتہائی نازک حالت میں سرینگر منتقل کرنے کی کوشش کی گئی تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ بیٹھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حملہ آوروں کو پکڑنے کے لیے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ قبل ازیں سری نگر شہر کے عیدگاہ علاقے میں 45 سالہ روف احمد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔