بانہال ہسپتال روڈ پرغیر قانونی تجاوزات کیخلاف احتجاج

بانہال // قصبہ بانہال میں منگل کی شام مندر گلی میں کام کرنے والے مقامی سبزی ، پھل بیچنے والے چھاپڑی فروشوں نے ہسپتال کے سامنے چنجلو نالہ کی طرف کی جارہی غیر قانونی تجاوزات کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور وہاں پر بقول اْن کے ناجائز تجاوزات کے طور تعمیر کئے جارہے ایک بنڈ کو بھی منہدم کردیا۔ انہوں نے جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بھی کچھ وقت کیلئے بند کر دی۔ اْن کا مطالبہ ہے  کہ چنجلو سے بہنے والے نالے کے ساتھ ہسپتال روڈ کی طرف سے ناجائز تجاوزات کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے اور نالہ کو سبزی منڈی کی طرف موڑا جارہا ہے۔ انہوں نے حکام سے اپیل کی کہ وہ نالہ کی طرف کی جارہی غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کاروائی عمل میں لائیں اور نالہ اور لوگوں کی اراضی کی باضابطہ نشاندھی کی جائے۔ انہوں نے مبینہ طور تعمیر کئے جارہے ایک غیر سرکاری بنڈ کو بھی منہدم کردیا۔ اس واقع کے بعد پولیس اور تحصیلدار بانہال جاوید احمد شیخ وہاں پہنچے اور انہوں نے شاہراہ پر احتجاج کرنے والے لوگوں کومعاملہ میں مداخلت کی یقین دھانی کرائی اور کچھ وقت کے بعد ہی ٹریفک بحال کیا گیا اور لوگ منتشر ہوگئے۔ اس سلسلے میں تحصیلدار بانہال شیخ جاوید نے آج شام دیر گئے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وہ سڑک حادثہ کے سلسلے میں مشغول تھے اور نائب تحصیلدار اور پٹواڑی کو موقع پر بھیج دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ بدھ کے روز موقع کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر لوگوں نے مقامی مالک کی طرف سے ناجائز طریقے سے تعمیر کئے جارہے بنڈ کو منہدم کیا ہے وہ وہ اس کی ستائش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بدھ کے روز باضابطہ طور پر ہسپتال روڈ پر نالہ کی طرف کی جارہی غیر قانونی تجاوزات کا جائزہ لیں گے اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں ضابطہ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔