بانہال // بانہال میونسپل انتخابات کے نتائج میں تمام سات وارڈوں پر کامیابی پر کانگریس خوش ہے اور اسی جیت کو دو بالا کرنے کیلئے بانہال میں ممبر اسمبلی بانہال وقار رسول کی قیادت میں ایک میٹنگ اور جیت کی خوشی میں جشن منایا گیا ۔ اس موقع پر کانگریس کے کارکن جھوم جھوم کر ڈھول کی تھاپ پر ناچ رہے تھے اور قصبے میں کامیابی کی ریلی نکالی۔ اس موقع پر مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور پٹاخے سر کئے گئے۔ اس موقع پر ممبر اسمبلی بانہال وقار رسول، کانگریس لیڈر امتیاز احمد کھانڈے ، الیاس وانی اور جیتنے والے ساتوں امیدواروں نے ان کی کامیابی کیلئے لوگوں کے اعتماد پر شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ شکست بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ ساتھ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کی بھی شکست ہے کیونکہ انہوں نے اس الیکشن میں کانگریس کو ہرانے کیلئے کھلم کھلا مہم چھیڑ رکھی تھی اور ان کے ورکر بھاجپا امیدواروں کے حق میں الیکشن مہم چلا رہے تھے۔ وقار رسول نے کہا کہ کانگریس دیہات کی طرح قصبہ جات کی ترقی میں بھی کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی اور ان طاقتوں کو اسمبلی انتخابات میں بھی شکست سمجھی جائے گی جو اس الیکشن میں در پردہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حمایت میں اتر آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں فرقہ پرستی پھیلانے والی بھارتیہ جنتا پارٹی کو وادی چناب میں تمام تر کوششوں کے باوجود شکست ہوئی ہے جو اس کی ناکامی کی جیتی جاگتی مشال ہے ۔